باسکٹ بال میچ کے دوران کھلاڑی کی آنکھ باہر نکل آئی

مچل تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption کالی جرسی میں ملبوس اکل مچل کھیل کے دوران

نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں جاری باسکٹ بال کے ایک میچ کے دوران امریکی کھلاڑی اکل مچل کی آنکھ ایک دوسرے کھلاڑی کی انگلی لگنے کے باعث ان کے چشم خانے سے باہر نکل آئی۔

اکل مچل آکلینڈ بریکرز کی نمائندگی کر رہے تھے۔

اوباما باسکٹ بال کھیلتے ہوئے زخمی

آنکھ نکل آنے کے بعد اکل مچل تکلیف کے مارے اپنی آنکھوں پر ہاتھ رکھے زمین پر گر گئے اور انھیں فوراٌ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

انھوں نے نیوزی لینڈ ریڈیو سپورٹ سے بات کرتے ہوئے کہا:' مجھے اپنی ہتھیلی پر محسوس ہوا کہ میری آنکھ میرے چہرے پر آ گئی ہے۔ میں سوچ رہا تھا کہ یہ تو بہت برا ہوا ہے اور مجھے احساس تھا کہ آنکھ اپنی جگہ پر نہیں ہے اور اس سے میں کچھ دیر کے لیے بہت پریشان بھی ہوا۔'

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption اکل مچل کو کورٹ سے باہر لے جایا جا رہے ہے

24 سالہ اکل مچل نے کہا کہ انھیں شائقین کی آوازیں اور ساتھی کھلاڑیوں کی پریشانی یاد ہے اور ساتھ ساتھ ان کو ایسا لگا کے جیسے وہ اپنی بینائی کھو دیں گے اور ان کا کیرئیر ختم ہو جائے گا۔

اکل مچل نے کہا: 'جب میں ایمبولینس میں گیا تو مجھے انھوں نے درد اور آنکھ کی دوا دی اور اس وقت مجھے لگا کہ میری آنکھ اپنی جگہ پر واپس چلی گئی ہے جو کہ بہت ہی عجیب سے کیفیت تھی۔ یہ بہت ہی زیادہ حیران کن بات ہے کہ میں آنکھ جھپکنے پر اس قدر خوش تھا۔'

اکل مچل نے ہسپتال سے فارغ ہونے کے بعد اپنی ٹویٹ میں کہا کہ اب ان کی بینائی ٹھیک ہے اور وہ بہت جلد میدانِ کھیل میں واپس آجایئں گے۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں