پاکستان میں 12 برس بعد ٹینس کے ڈیوس کپ کا آغاز

اعصام الحق تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں ایران اور پاکستان کے درمیان آج سے ٹینس کے ڈیوس کپ مقابلوں کا آغاز ہو گیا ہے۔

خیال رہے کہ 12 سال کے طویل عرصے کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان ٹینس کے اس بین الاقوامی مقابلے کی میزبانی کر رہا ہے۔

جمعے کے روز ہونے والے ابتدائی میچوں میں پاکستانی ٹینس سٹار اعصام الحق اور عقیل خان نے کامیابی حاصل کی۔

اعصام الحق نے انوشاہ شاہ غولی کو چھ ایک، چھ دو اور چھ دو سے شکست دی جبکہ عقیل خان نے شاہین خالدین کو سات چھ، چھ چار اور چھ دو سے ہرایا۔

واضح رہے کہ ایران نے سکیورٹی کے خدشات کے پیش نظر پاکستان آ کر یہ ایونٹ کھیلنے سے انکار کر دیا تھا لیکن انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن نے سکیورٹی کی صورتحال کو اطمینان بخش قرار دے کر یہ مقابلہ پاکستان میں ہی منعقد کرنے کا فیصلہ کیا۔

اس حوالے سے پاکستانی ٹینس کھلاڑی اعصام الحق بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان میں ڈیوس کپ مقابلے کے انعقاد سے دنیا کو ایک مثبت پیغام جائے گا کہ وہ ایک امن پسند اور محفوظ ملک ہے۔

اعصام الحق پاکستان کی اس چار رکنی ٹیم کا حصہ ہیں جو اس تین روزہ مقابلے میں ایران کا مقابلہ کرنے والی ہے۔

متعلقہ عنوانات