جنوبی افریقہ ون ڈے کی نمبر ون ٹیم بننے سے ایک قدم دور

ڈوپلیسی تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption ڈوپلیسی جنوبی افریقہ کی جانب سے سب سے زیادہ رنز کی اننگ کھیلنے کے معاملے میں گیری کرسٹن کے بعد دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں

جنوبی افریقہ نے فاف ڈو پلیسی کی 185 رنز کی شاندار اننگز کی بدولت سری لنکا کو کیپ ٹاؤن میں کھیلے گئے سیریز کے چوتھے ایک روزہ میچ میں 40 رنز سے شکست دے دی ہے۔

سیریز میں سری لنکا چار صفر سے پیچھے ہے لیکن منگل اور بدھ کی درمیانی رات پہلی بار پرانی سری لنکن ٹیم کی ایک جھلک نظر آئی جو بے خوف ایک مشکل ہدف کا تعاقب کر رہی تھی۔

جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا لیکن اس نے دوسرے ہی اوور میں اوپنر ہاشم آملہ کی وکٹ گنوا دی۔

اس کے بعد ڈی کاک اور ڈوپلیسی اور پھر کپتان ڈی ویلیئرز کے درمیان شراکت کی بدولت اس نے سری لنکا کے سامنے جیتنے کے لیے 368 رنز کا مشکل ہدف رکھا۔

اس سے قبل ہونے والے تین میچز میں سری لنکا 200 رنز بھی نہیں بنا سکی تھی اور حالیہ دورے میں ٹیسٹ میچز میں بھی 300 رنز کا ہندسہ پار نہیں کرسکی تھی تاہم اس نے اچھی کرکٹ کھیلی اور پہلے دس اوورز میں دس رنز کی اوسط برقرار رکھتے ہوئے جنوبی افریقہ پر دباؤ بنائے رکھا۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے فاف ڈوپلیسی نے 16 چوکے اور تین چھکوں کی مدد سے 185 رنز بنائے۔ ان کے علاوہ ڈی کاک اور ڈی ولیئرز نے نصف سنچریاں سکور کیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption اوپل تھرنگا نے اپنی سنچری میں سات چھکے اور 11 چوکے لگائے

خیال رہے کہ یہ ڈی ولیئرز کی ون ڈے میں 50 ویں نصف سنچری تھی۔ جبکہ ڈوپلیسی جنوبی افریقہ کی جانب سے سب سے زیادہ رنز کی اننگز کھیلنے کے معاملے میں گیری کرسٹن کے بعد دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔

سری لنکا کی جانب سے کمارا اور پتھیرانا نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں سری لنکا کی ٹیم کو اوپنر ڈک ویلا اور اوپل تھرنگا نے بہترین آغاز فراہم کیا اور انھوں نے 16 اوورز میں 139 رنز بنائے۔ ڈک ویلا 58 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے لیکن تھرنگا نے اپنا جارحانہ کھیل جاری رکھا۔

انھیں بالآخر وین پارنل نے آوٹ کیا لیکن آوٹ ہونے سے قبل تھرنگا نے 90 گیند میں سات چھکے اور 11 چوکےکی بدولت 119 رنز بنا لیے تھے۔

ان کے آؤٹ ہونے کے بعد ٹیم پورے اوورز بھی نہیں کھیل سکی اور پوری ٹیم 327 رنز بناکر آؤٹ ہو گئی۔ وین پارنل نے چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ پریٹوریس، رباڈا اور عمران طاہر نے دو دو وکٹیں لیں۔

اگر جنوبی افریقہ پانچوا میچ بھی جیت جاتی ہے تو وہ ون ڈے رینکنگ میں آسٹریلیا کو پیچھے چھوڑ کر پہلے نمبر پر آ جائے گي۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں