’نئی ورائٹی تو نہیں، نیا سعید اجمل ضرور نظر آئے گا‘

پاکستان سپر لیگ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کرنے والے آف سپنر سعید اجمل کا کہنا ہے کہ سپر لیگ 2017 میں ان کے مداحوں کو نئی ورائٹی تو نہیں پر نیا سعید اجمل ضرور نظر آئے گا۔

بی بی سی سے بات کرتے ہوئے سعید اجمل کا کہنا ہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ میں شامل ہر کھلاڑی بھرپور محنت کر رہا ہے اور ان کی پوری کوشش ہے کہ اس بار بھی ٹرافی ان کی ٹیم ہی جیتے۔

خیال رہے کہ دبئی میں پاکستان سپر لیگ 2017 کے افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد سات وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کا فاتحانہ آغاز کیا ہے۔

٭ ’ٹاس جیت کر فیصلہ کیا شائقین سو جائیں‘

٭ پاکستان سپر لیگ، کس ٹیم میں کتنا دم؟

تاہم اس میچ میں سعید اجمل کی کارکردگی زیادہ متاثر کن نہیں رہی اور انھوں نے اپنے چار اوورز میں 44 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔

سعید اجمل پہلے تو بولنگ ایکشن پر لگنے والی پابندی کے باعث ٹیم سے دور رہے پھر انھیں اپنا بالنگ ایکشن تبدیل کرنا پڑا تاکہ وہ آئی سی سی کے قواعد و ضوابط پر پرا اتر سکیں۔

نئے بولنگ ایکشن کے ساتھ ان کی پاکستان ٹیم میں واپسی تو ہوئی لیکن خاطرخواہ کارکردگی دکھانے میں ناکامی کے باعث ان کی یہ واپسی مختصر ہی رہی اور وہ اب پاکستان ٹیم میں ایک مرتبہ پھر واپسی کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

سعید اجمل نے کہا کہ اس وقت ان کی تمام تر توجہ پی ایس ایل 2017 پر ہے تاکہ وہ بہتر کارکردگی مظاہرہ کر کے پاکستان کرکٹ ٹیم میں دوبارہ جگہ بنانے میں کامیاب ہو سکیں۔

انھوں نے کہا کہ وہ بھرپور محنت کر رہے ہیں اور جب بھی ٹیم کو ضرورت پڑے گی وہ دستیاب ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ سپر لیگ 2017 کے لیے اسلام آباد یونائیٹڈ کی زیادہ تر توجہ فیلڈنگ پر مرکوز ہے اور اسی مقصد کے لیے آسٹریلیا سے فیلڈنگ کوچ کو کوچنگ سٹاف میں شامل کیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں