پشاور زلمی کی کراچی کنگز کے خلاف سات وکٹوں سے فتح

کرکٹ تصویر کے کاپی رائٹ PSL
Image caption آئن مورگن کی نصف سنچری کے مدد سے پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو سات وکٹوں سے شکست دے دی

دبئی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں جمعے کو پاکستان سپر لیگ سیزن ٹو کے تیسرے میچ میں آئن مورگن کی نصف سنچری کی بدولت پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو باآسانی سات وکٹوں سے ہرا دیا۔

آئن مورگن 80 رنز ناٹ آؤٹ بنا کر مین آف دی میچ کے حقدار بنے جبکہ حارث سہیل تیرہ رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

کراچی کنگز نے 119 رنز کے دفاع میں اچھی شروعات کی اور پشاور زلمی کے دو کھلاڑی دو رنز کے سکور پر پیویلین واپس لوٹ چکے تھے لیکن اس کے بعد زلمی کے آئن مورگن نے ڈیوڈ ملن کے ساتھ 46 رنز کی شراکت قائم کی اور تیسری وکٹ گرنے کے بعد حارث سہیل کے ساتھ مزید 71 رنز سکور کر کے ہدف انیسویں اوور میں عبور کر لیا۔

سخت مقابلے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز فاتح

سنسنی خیز مقابلے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کی فتح

کراچی کی جانب سے محمد عامر اور عماد وسیم نے اچھی بولنگ کی لیکن کم ہدف کی وجہ سے وہ پشاور پر دباؤ نہ ڈال سکے اور نہ ہی کراچی کی فیلڈنگ نے ان کا ساتھ دیا۔

اس سے قبل ٹورنامنٹ میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والی کراچی کنگز اپنی اننگز میں سات وکٹوں کے نقصان پر صرف 118 رنز بنا سکی۔ ان کی جانب سے کوئی بھی کھلاڑی نصف سنچری مکمل نہ کر سکا اور صرف سابق کپتان شعیب ملک اور آل راؤنڈر روی بوپارا نے قابل ذکر سکور کیے۔

کراچی کنگز کی اننگز کا آغاز تباہ کن طریقے سے ہوا تھا اور پہلی چار وکٹیں بارہ رنز کے سکور پر گر چکی تھیں۔

بابر اعظم کی وکٹ اس اعتبار سے خاص تھی کہ پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے ان کا ایک ناقابل یقین کیچ لیا تھا اور اس کے بعد اپنی ٹیم کے ہمراہ ایک سیلفی لینے کے منفرد انداز میں اس وکٹ کی خوشی منائی۔

پشاور کی جانب سے وہاب ریاض اور محمد حفیظ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ PCB
Image caption ڈیرن سیمی نے بابر اعظم کا کیچ لینے کے بعد اس کا جشن منفرد انداز میں منایا

پشاور زلمی کا پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن میں یہ دوسرا میچ تھا۔ افتتاحی میچ میں اسے ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد اسلام آباد کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

ہفتے کے روز ٹورنامنٹ میں دو اور میچز کھیلیں جائیں گے جن میں پاکستان کے مقامی وقت کے مطابق شام ساڑھے چار بجے اسلام آباد یونائیٹڈ کا مقابلہ لاہور قلندرز سے ہوگا جبکہ رات نو بجے کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا آمنا سامنا ہوگا۔