سپر لیگ کے دوران ’بک میکرز سے رابطہ‘: عرفان، ذوالفقار، شاہ زیب سے پوچھ گچھ

تصویر کے کاپی رائٹ AFP

پاکستان کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن یونٹ نے بین الاقوامی سنڈیکیٹ سے مبینہ طور پر رابطے کے سلسلے میں شرجیل خان اور خالد لطیف کی معطلی کے بعد سنیچر کو محمد عرفان، شاہ زیب حسن اور ذوالفقار بابر سے پوچھ گچھ کی ہے۔

پاکستان سپر لیگ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے ٹویٹ کیا ہے کہ بین الاقوامی سنڈیکیٹ سے مبینہ طور پر رابطے کے سلسلے میں اینٹی کرپشن یونٹ نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کیا ہے اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے فاسٹ بولر محمد عرفان سے پوچھ گچھ کی ہے۔

’تحقیقات جاری رہیں گی۔ محمد عرفان کو فوری معطل نہیں کیا جا رہا ہے۔ پی سی بی کے اینٹی کرپشن یونٹ نے شاہزیب حسن اور ذوالفقار بابر سے بھی پوچھ گچھ کی ہے۔ یہ کھلاڑی (پی ایس ایل) کھیلتے رہیں گے۔‘

’بک میکرز سے رابطہ‘: شرجیل خان اور خالد لطیف معطل

’کیوں شرجیل اور خالد لطیف کیوں؟‘

نجم سیٹھی نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ پی سی بی کا اینٹی کرپشن یونٹ پاکستان سپر لیگ کو بدعنوانی سے بچانے کے لیے چوکس رہے گا۔

واضح رہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے بیٹسمین شرجیل خان اور خالد لطیف کے خلاف یہ کارروائی ایک بین الاقوامی سنڈیکیٹ سے مبینہ طور پر ان کے رابطے کے بعد عمل میں آئی ہے جو پاکستان سپر لیگ کو متاثر کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے بیٹسمین شرجیل خان اور خالد لطیف کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے جمعہ کو معطل کر دیا تھا اور ان دونوں کو وطن واپس بھیج دیا گیا۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP

شاہ زیب حسن کراچی کنگز کی جانب سے کھیل رہے ہیں جبکہ ذوالفقار بابر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کر رہے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن یونٹ نے یہ کارروائی پاکستان سپر لیگ کے پہلے میچ کے بعد کی۔

پاکستان سپر لیگ میں یہ اینٹی کرپشن کا پہلا کیس سامنے آیا ہے۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں