مصباح نے مشکل وقت میں حوصلہ دیا: ڈین جونز

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption ڈین جونز نے کہا کہ کرپشن کی روک تھام کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کے اقدامات قابل تعریف ہیں

اسلام آباد یونائٹڈ کے ہیڈ کوچ ڈین جونز کا کہنا ہے کہ گزشتہ 48 گھنٹے ان کی ٹیم کے لیے انتہائی سخت گزرے اس دوران کپتان مصباح الحق نے ٹیم کا ماحول خوشگوار بنانے کی ہر ممکن کوشش کی۔

واضح رہے کہ اسلام آباد یونائٹڈ کے دو کھلاڑی شرجیل خان اور خالد لطیف پاکستان سپر لیگ کے دوران مشکوک افراد سے رابطہ کرنے کی پاداش میں معطل کیے جاچکے ہیں اور انہیں وطن واپس بھیج دیا گیا ہے جبکہ ایک اور کھلاڑی محمد عرفان سے بھی پاکستان کرکٹ بورڈ کے انٹی کرپشن یونٹ نے پوچھ گچھ کی ہے اور انہیں کلیئر کردیا گیا ہے۔

ڈین جونز نے سنیچر کو لاہور قلندر کے خلاف میچ میں چھ وکٹوں سے شکست کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مصباح الحق پرسکون مزاج کے کھلاڑی ہیں جن کے جذبات آسانی سے ظاہر نہیں ہوتے جو ایک اچھی بات ہے اور کم ہی لوگ ان کی بذلہ سنجی اور مذاق کی عادت دیکھ پاتے ہیں لیکن اس مشکل وقت میں انہوں نے اپنے رویے سے ٹیم کا ماحول خوشگوار رکھنے کی ہر ممکن کوشش کی۔

تصویر کے کاپی رائٹ EPA
Image caption مصباح الحق پرسکون مزاج کے کھلاڑی ہیں جن کے جذبات آسانی سے ظاہر نہیں ہوتے: ڈین جونز

ڈین جونز نے کہا کہ کرپشن کی روک تھام کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کے اقدامات قابل تعریف ہیں۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور آئی سی سی نے کھیل کو صاف شفاف رکھنے کے لیے جو کوشش کی وہ انتہائی موثر ثابت ہوئی۔

ڈین جونز نے کہا کہ اسلام آباد یونائٹڈ کا اگلا میچ پندرہ فروری کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف شارجہ میں ہے۔

ڈین جونز نے کہا کہ ٹیم کو ان چار دنوں میں دوبارہ ذہنی طور پر یکجا کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

اسی بارے میں