کرپشن کی روک تھام ہم سب کی ذمہ داری ہے: سنگاکارا

تصویر کے کاپی رائٹ PSL

پاکستان سپر لیگ میں حصہ لینے والی کراچی کنگز کے کپتان کمار سنگاکارا کا کہنا ہے کہ جو کچھ ہونا تھا وہ ہوچکا اور اب یہ وقت تمام تر توجہ کھیل پر مرکوز کرنے اور اچھی کارکردگی دکھانے کا ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ میں حصہ لینے والی اسلام آباد یونائیٹڈ کے دو کھلاڑی شرجیل خان اور خالد لطیف کو مشکوک افراد سے رابطے کی پاداش میں معطلی کے بعد وطن واپس بھیجا جاچکا ہے۔

اس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن یونٹ نے محمد عرفان ذالفقار بابر اور شاہ زیب حسن سے بھی پوچھ گچھ کی تھی تاہم انہیں ہر قسم کے شک وشبے سے کلیئر کردیا گیا ہے۔

کمار سنگاکارا کا کہنا ہے کہ ہمیں خوشی اور اطمینان ہے کہ ہماری ٹیم کا کھلاڑی کلیئر ہوگیا جس کے بعد پوری ٹیم نے شاہ زیب حسن کو میدان میں بھرپور حوصلہ دیا اور وہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ کھیلے۔ وہ اچھی بیٹنگ کررہے تھے لیکن بدقسمتی سے 19 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے لیکن وہ ذہنی طور پر بالکل تیار دکھائی دے رہے تھے حالانکہ وہ وقت ان کے لیے پریشان کن تھا۔

کمار سنگاکارا نے اس پورے معاملے کو صحیح طریقے سے نمٹائے جانے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام کی تعریف کی اور کہا کہ 'پروفیشنل کھلاڑیوں کی حیثیت سے ہم سب کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم اس کھیل کی عزت کریں اور کسی بھی قسم کی کرپشن کو اس کھیل میں نہ آنے دیں۔'

سنگاکارا نے اپنی ٹیم کی دو میچوں میں شکست پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اگلے میچوں میں سخت محنت کرنا ہوگی۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں