پی ایس ایل: پشاور زلمی کے خلاف اسلام آباد یونائیٹڈ آخری گیند پر میچ جیتنے میں کامیاب

کرکٹ تصویر کے کاپی رائٹ PSL
Image caption ڈیوائن سمتھ کی نصف سنچری کی مدد سے اسلام آباد کی جیت

متحدہ عرب امارات کے شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں جاری پاکستان سپر لیگ سیزن ٹو میں دن کے دوسرے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو سخت مقابلے کے بعد پانچ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

ڈ.یوائن سمتھ نے اپنا بیٹ کیری کرتے ہوئے شاندار 72 رنز بنائے اور یونایئٹڈ کی فتح میں مرکزی کردار ادا کیا۔ شین واٹسن نے 30 رنز بنا کر ان کا بھرپور ساتھ دیا اور سات اوورز میں 63 رنز کی شراکت قائم کی جس نے اسلام آباد کی فتح یقینی بنائی۔

ان دونوں کے کار کردگی کے باوجود محمد سمیع کو 26 رنز کے عوض تین وکٹیں لینے پر مین آف دی میچ کا اعزاز دیا گیا۔

ڈیوائن سمتھ نے 42 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی لیکن قسمت نے بھی ان کا خوب ساتھ ۔ شاہد آفریدی کے اوور میں ان کا واضح کیچ امپائر نے نہیں دیا تھا۔

ٹاس جیت کر بولنگ ہی کیوں؟

ڈین جونز اور مکی آرتھر لاہور جانے کے لیے تیار

ان دونوں کے علاوہ اسلام آباد کا کوئی اور بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا۔

اپنا پہلا میچ کھیلنے والے رفعت اللہ مہمند نے ایک چھکا اور چوکا لگیا لیکن جنید خان ان کا شکار کرنے میں کامیاب ہوئے۔

اسلام آباد کی جانب سے تمام بولرز نے کفایت شعاری سے بولنگ کی اور سوائے جنید خان کے کسی کا بھی اکانومی ریٹ ساڑھے چھ سے اوپر نہیں تھا۔

لیکن جنید خان کے چار اوورز میں 49 رنز لوٹ لیے گئے جس نے میچ کا پلڑا یونائیٹڈ کی طرف کر دیا۔

اس سے پہلے پشاور زلمی کی ٹیم اپنی اننگز کے ختم ہونے تک نو وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز بنانے میں کامیاب ہو سکی۔

پشاور زلمی کی جانب سے کوئی بیٹسمین لمبی اننگز نہ کھیل سکا اور وقتاً فو وقتاً ان کی وکٹیں گرتی رہیں۔

آئن مورگن نے اپنی تئیں کوشش کی اور 28 رنز بنا سکے لیکن ان کے علاوہ ٹاپ آرڈ ر کے تمام بیٹسمین ناکام رہے۔

نچلے درجے پر آ کر کپتان ڈیرن سیمی نے تین چوکوں کی مدد سے 19 رنز بنائے لیکن رمان رئیس نے ان کی وکٹ حاصل کرلی۔

اننگز کے آخری مرحلے میں شاہد آفریدی اور وہاب ریاض نے تیز کھیلنے کے کوشش کی جس کے مدد سے زلمی کی ٹیم 18 گیندوں پر 25 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے محمد سمیع نے تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ رمان ریئس نے بہترین بولنگ کرتے ہوئے چار اوورز میں 19 رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں۔

ٹورنامنٹ کے اب تک تمام میچوں رواج یہی رہا ہے کہ ٹاس جیتنے والی ٹیم نے پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور ٹورنامنٹ کے بارہویں میچ میں بھی یہ سلسلہ قائم رہا جب اسلام آباد یونایئٹڈ کے کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر زلمی کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے رفعت اللہ مہمند نے ٹورنامنٹ میں اپنا پہلا میچ کھیلا۔

اس میچ کے نتیجے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم پانچ میچز کھیل کر اب پوائنٹس ٹیبل میں چھ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر پہنچ گئی ہے۔

پشاور زلمی کی ٹیم جو کہ دن کے آغاز میں پہلی پوزیشن پر تھی، اس شکست کے بعد اب تیسرے نمبر پر آگئی ہے۔

پی ایس ایل سیزن ٹو کا افتتاحی میچ بھی ان دونوں ٹیمیں کے درمیان ہوا تھا جہاں پشاور زلمی نے کامران اکمل کے 88 رنز کی مدد سے 190 رنز کا ہدف دیا جو کہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے بریڈ ہیڈن کی بیٹنگ کی مدد سے عبور کر لیا تھا۔

اتوار 19 فروری کو کھیلے جانے والے واحد میچ میں کراچی کنگز کی ٹیم پشاور زلمی کے مد مقابل ہوگی۔ یہ میچ پاکستان وقت کے مطابق رات نو بجے شروع ہوگا۔

اسی بارے میں