مصباح الحق کا ریٹائرمنٹ کا اردہ نہیں، ویسٹ انڈیز جائیں گے

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے ویسٹ انڈیز کا دورہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور اس بارے میں وہ بہت جلد پاکستان کرکٹ بورڈ کو آگاہ کرنے والے ہیں۔

مصباح الحق کے انتہائی قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ مصباح الحق ویسٹ انڈیز کا دورہ کرنے کے بارے میں انتہائی سنجیدہ ہیں اور ان کا اس دورے سے قبل ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے مصباح الحق کے مستقبل کا فیصلہ انہی پر چھوڑ رکھا ہے۔

٭ کیا مصباح کو چلے جانا چاہیے؟

مصباح الحق اس وقت پاکستان سپر لیگ میں اسلام آباد یونائٹیڈ کے کپتان ہیں۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے گزشتہ دورۂ آسٹریلیا کے بعد ان پر بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہنے کے سلسلے میں زبردست دباؤ رہا ہے اور اطلاعات کے مطابق چیف سلیکٹر انضمام الحق مصباح الحق کے بجائے کسی نئے کپتان کے ساتھ ویسٹ انڈیز کے دورے کے حق میں ہیں۔

ان کا خیال ہے کہ تینوں فارمیٹس کا کپتان ایک ہی ہو لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریارخان اور پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر مصباح الحق کے حق میں دکھائی دیتے ہیں۔

مکی آرتھر نے شارجہ میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ آئندہ ہفتے مصباح الحق سے دوبارہ بات کریں گے فی الحال وہ یہ نہیں کہہ سکتے کہ مصباح الحق کیا فیصلہ کریں گے لیکن وہ ایک زبردست کپتان ہیں جن کی پاکستانی کرکٹ کے لیے بہت زیادہ خدمات ہیں۔

اسی بارے میں