'جان باقی ٹیموں کی فکر چھوڑو پشاور زلمی کی فکر کرو‘

وہاب تصویر کے کاپی رائٹ Twitter

متحدہ عرب امارات میں جاری پاکستان سپر لیگ کا دوسرا سیزن جیسے جیسے آگے بڑھ رہا ہے میچ مزید سخت اور دلچسپ ہوتے جا رہے ہیں اور وہ وقت دور نہیں جب پاکستان ٹیموں میں سے چار ٹیمیں ناک راؤنڈ میں جائیں گی۔

پیر کو کھیلے جانے والے واحد میچ میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو ایک وکٹ سے شکست دی۔

میچ کے آخری اوور میں قلندرز کو چھ رنز درکار تھے اور ان کی دو وکٹیں باقی تھیں۔ محمد سمیع کی پہلی گیند پر عامر یامین آؤٹ ہو گئے لیکن اگلی گیند پر گرانٹ ایلیٹ نے محمد سمیع کو ایک بلند و بالا چھکا لگا کر قلندرز کو فتح سے ہمکنار کرا دیا۔

نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے ایلیٹ نے 2015 میں کرکٹ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں بھی اسی طرح آخری اوور میں چھکا لگا کر جنوبی افریقہ کے خلاف فتح مکمل کی۔

اس دلچسپ مقابلے کے بعد پاکستان زلمی کی جانب سے کھیلنے والے فاسٹ بولر وہاب ریاض کی اہلیہ نے ٹویٹ کیا 'کیا دلچسپ مقابلہ تھا! لاہور قلندرز مبارک ہو۔ اب پاکستان سپر لیگ میں کوئی بھی ٹیم آگے بڑھ سکتی ہے اور فائنل تک پنچ سکتی ہے۔'

اس ٹویٹ کے جواب میں وہاب ریاض نے ٹویٹ کیا 'جان باقی ٹیموں کی فکر چھوڑو پشاور زلمی کی فکر کریں۔ آپ کو پشاورزلمی کو سپورٹ کرنا ہو گا ورنہ لاہور صرف تین گھنٹے دور ہے۔'

وہاب ریاض کی ٹویٹ کے جواب میں ان کی اہلیہ نے ٹویٹ کیا 'میں پشاور زلمی ہی کو سپورٹ کر رہی ہوں۔ ویسے بھی آخر میں جیت تو پاکستان ہی کی ہونی ہے۔ اور ویسے بھی جان آپ میری فکر نہیں کریں۔ بس آخری دو میچوں میں جیت کو یقینی بنائیں ورنہ آپ کو لاہور مجھ سے پہلے ہی واپس جانا پڑے گا۔'

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں