جنید خان تیسری بار لنکا شائر کے لیے کھیلیں گے

جنید خان تصویر کے کاپی رائٹ Rex Features
Image caption جنید خان اس سے قبل دو بار لنکا شائر کی ٹیم کا حصہ رہ چکے ہیں

پاکستان کے فاسٹ بولر جنید خان کو انگلینڈ کے ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ کے لیے لنکاشائر لائٹننگ نے اپنی ٹیم میں پھر سے شامل کیا ہے۔

جنید خان نے ریڈ روز کاؤنٹی کو سنہ 2011 اور 2014 میں فائنل میں پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

پاکستان کے 27 سالہ فاسٹ بولر نے کہا کہ وہاں ایک بار پھر جانا اور چند انعامات حاصل کرنا بہت خوش کن ہوگا۔

جنید خان نے 22 ٹیسٹ، 56 ایک روزہ اور نو ٹی ٹوئنٹی میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے۔

انھوں نے سنہ 2011 میں اپنے بین الاقوامی کریئر کا آغاز کیا تھا۔

جنید نے سنہ 2015 میں مڈل سیکس کی نمائندگی کی تھی اور وہ لنکاشائر کے تمام گروپ میچوں اور ناک آؤٹ سٹیج کے لیے دستیاب ہوں گے۔

انھوں نے کہا 'میں جب سنہ 2011 اور 2014 میں لنکا شائر کھیلنے کے لیے آیا تھا تو سارے کلب نے میرا خیر مقدم کیا تھا۔

انھوں نے مزید کہا کہ اس دوران میں نے جو تجربہ حاصل کیا اس نے میری سوئنگ اور سیم کی صلاحیت میں اضافہ کیا۔

تصویر کے کاپی رائٹ PA
Image caption جنید خان نے 22 ٹیسٹ، 56 ایک روزہ اور نو ٹی ٹوئنٹی میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے

لنکا شائر کے ہیڈ کوچ گلین چیپل نے جنید کو ٹیم کا مقبول کھلاڑی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے آنے سے ٹیم کی بولنگ میں تجربے کا اضافہ ہوگا۔

گلین چیپل نے کہا کہ جنید کو ٹیم سے بہت جلدی ہم آہنگ ہو جانا چاہیے کیونکہ وہ ٹیم کے بہت سے افراد کو پہلے سے جانتے ہیں اور آخری اوورز میں ان کی بولنگ ہمارے لیے بڑی اہم ہوگی۔

بی بی سی لنکاشائر ریڈیو کے سکاٹ ریڈ نے کہا کہ جنید کا پہلے دو بار ٹیم میں ہونا بہت کامیاب تھا۔

وہ سنہ 2011 میں کھیلے جانے والے آٹھ مقابلوں میں شامل ہوئے جن میں سے سات میں جیت حاصل ہوئی۔ انھوں نے مجموعی طور پر 12 وکٹیں حاصل کیں۔ دوسری بار انھوں نے دس میچوں میں 19 وکٹیں حاصل کیں اور دونوں بار ٹیم فائنل میں پہنچی۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں