بوداپسٹ 2024 کے اولمپکس کی میزبانی سے دستبردار

اولمپک تصویر کے کاپی رائٹ Rex Features

ہنگری کی حکومت نے تصدیق کی ہے کہ وہ 2024 کے اولمپکس کی میزبانی سے دستبردار ہو رہی ہے۔

ہنگری کی حکومت کے ترجمان نے کہا کہ 2024 کی اولمپک گیمز کی میزبانی کےخلاف دو لاکھ 60 ہزار افراد نے پٹیشن پر دستخط کیے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ جو رقم بوڈاپسٹ میں گیمز کی میزبانی پر لگائے جانی ہے اسے سکولوں اور ہسپتالوں پر خرچ کیا جائے۔

اس سے قبل 2015 میں ہیمبرگ اور گذشتہ سال روم 2024 کے اولمپکس کی میزبانی سے دستبردار ہوا تھا اور اب بوڈاپسٹ کے پیچھے ہٹ جانے کے بعد میزبانی کی دوڑ میں صرف لاس اینجیلس اور پیرس ہی باقی رہ گئے ہیں۔

انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی ستمبر 2017 میں پیرو کے شہر لیما میں گیمز کے میزبان شہر کے نام کا اعلان کرے گی۔

ہنگری کی حکومت کے ترجمان نے برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کو بتایا کہ 2024 کی اولمپک گیمز کی میزبانی سے دستبرداری کا فیصلہ وزیر اعظم، بوداپسٹ کے میئر اور ہنگری کی اولمپک کمیٹی کے سربراہ کے اجلاس میں کیا گیا۔

اس فیصلے کے بارے میں حتمی فیصلہ بوداپسٹ سٹی اسمبلی کے اجلاس میں ووٹنگ میں کیا جائے گا۔

حکمراں جماعت کا کہنا ہے کہ 2024 کی اولمپک گیمز کی میزبانی نہ کرنے کا فیصلہ 'عالمی سطح پر وقار بحال رکھنے' کے لیے کیا گیا ہے کیونکہ بوداپسٹ کو میزبانی ملنے کے امکانات بہت کم ہیں۔

ہنگری کا شمار ان 10 ممالک میں ہوتا ہے جن کے کھلاڑی میڈل تو لیتے ہیں لیکن اب تک اس نے اولمپک کھیلوں کی میزبانی نہیں کی ہے۔

متعلقہ عنوانات