پونے ٹیسٹ میں آسٹریلیا کو انڈیا پر 298 رنز کی برتری

سٹیون جان اوکیف تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption مہمان ٹیم کی جانب سے سٹیون جان اوکیف نے انڈیا کے چھ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا

پونے میں کھیلے جانے والے پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کے اختتام پر آسٹریلیا نے انڈیا کے خلاف دوسری اننگز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز بنا لیے ہیں۔

اس طرح مہمان ٹیم کو 298 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہو گئی ہے اور دوسری اننگز میں اس کی چھ وکٹیں باقی ہیں۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

جب کھیل ختم ہوا تو کپتان سٹیون سمتھ نصف سنچری بنانے کے بعد 59 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے جبکہ ان کا ساتھ مچل مارش دے رہے تھے جنھوں نے 21 رنز بنائے تھے۔

پہلی اننگز میں 155 رنز کی برتری حاصل کرنے کے بعد آسٹریلیا کی جانب سے ڈیوڈ وارنر اور شان مارچ نے دوسری اننگز کا آغاز کیا تو پہلی وکٹ کی شراکت میں دس رنز ہی بن سکے۔

انڈیا کو کامیابی دلوانے والے بولر ایشون تھے جنھوں نے وارنر کو ایل بی ڈبلیو کیا۔ سکور میں 13 رنز کے اضافے کے بعد ایشون نے ہی دوسرے اوپنر مارش کو آؤٹ کر کے اپنی ٹیم کو دوسری وکٹ دلوائی۔

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption جمعرات کو شروع ہونے والے اس ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا

اس موقع پر ہینڈکومب نے کپتان سمتھ کے ساتھ مل کر سکور 61 رنز تک پہنچا دیا تاہم پھر وہ بھی ایشون کی اس اننگز میں تیسری وکٹ بن گئے۔

انڈیا کو چوتھی کامیابی 113 کے سکور پر ملی جب میٹ رینشا 31 رنز بنانے کے بعد یادد کی گیند پر کیچ ہو گئے۔

اس سے پہلے انڈیا کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں صرف 105 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

آسٹریلیا کی جانب سے لیف آرم سلو بالر سٹیون جان اوکیف نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 35 رنز دے کر چھ بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

ایک موقع پر انڈیا کے صرف تین کھلاڑی 94 کے سکور پر آؤٹ ہوئے تھے لیکن اس کے بعد سات وکٹیں سکور میں صرف 11 رنز کا اضافہ ہی کر سکیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption آسٹریلیا کی جانب سے تھامس رینشانے دس چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 68 اور مچل سٹارک نے چھکے چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 61 رنز بنائے

انڈیا کے آٹھ بیٹسمینوں کا سکور دوہرے ہندسے میں داخل نہ ہو سکا۔

مہمان ٹیم کی جانب سے اوکیف کے علاوہ مچل سٹارک نے دو جب کہ ہیزل وڈ اور نیتھن لیون نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

جمعرات کو شروع ہونے والے اس ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور اس کی پوری ٹیم دوسرے دن کے آغاز میں ہی پہلی اننگز میں 260 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔