محمد سمیع کی آخری اوور میں شاندار بولنگ، اسلام آباد یونائیٹڈ کی ایک رن سے فتح

کرکٹ تصویر کے کاپی رائٹ PSL
Image caption اسلام آباد یونائیٹڈ کی ایک رن سے فتح

متحدہ عرب امارات میں جاری پی ایس ایل سیزن ٹو میں آج کے دوسرے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہاتھوں ایک رن سے حیران کن شکست ہوگئی جب محمد سمیع نے شاندار بولنگ کر کے آخری اوور میں پانچ رنز کا دفاع کر لیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کو جیت کے لیے 166 رنز درکار تھے۔

کیون پیٹرسن اور احمد شہزاد نے دوسری وکٹ کے لیے شاندار شراکت قائم کی اور 133 رنز جوڑے لیکن شاداب خان نے کیون پیٹرسن کو 69 رنز پر ایل بی ڈبلیو کر دیا۔

پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو 17 رنز سے ہرا دیا

کوئٹہ گلیڈی ایٹر کی ایک دفعہ پھر کراچی کے خلاف فتح

سترہویں اوور کی پہلی گیند پر احمد شہزاد بھی 59 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ اس وقت تک لگ رہا تھا کہ سرفراز احمد اور رائلی روسو اطمینان سے میچ ختم کر لیں گے لیکن انیسویں اوور میں سرفراز احمد کے آؤٹ ہونے کے بعد دباؤ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پر آگیا۔

انور علی کو اوپر کے نمبر پر بھیجنے کا فیصلہ مہنگا پڑا اور وہ پانچ گیندوں پر صرف دو رنز بنا سکے۔ آخری گیند پر جیت کے لیے تین رن درکار تھے لیکن رائلی روسو صرف ایک رن حاصل کر سکے۔

محمد سمیع کو ان کی کارکردگی پر مین آف دی میچ کا اعزاز ملا۔

اس سے پہلے اسلام آباد یونائیٹڈ نے اپنے 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنائے تھے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے پہلا میچ کھیلنے والے حسین طلعت نے نمایاں کارکردگی دکھائی اور 56 رنز بنائے۔

آخری دو اوورز کے کھیل میں شین واٹسن اور شاداب خان نے تیس رنز بنائے اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے سکور کو بہتر بنایا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی طرف سے ذوالفقار بابر نے 17 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں لیکن دوسری جانب انور علی بہت مہنگے ثابت ہوئے اور اپنے چار اوورز میں 51 رنز کے عوض تین وکٹیں لیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ PSL
Image caption احمد شہزاد اور کیون پیٹرسن کی 133 رنز کی شراکت رائیگاں گئی

اسلام آباد کی جانب سے کپتان مصباح الحق 25 گیندوں پر 25 رنز بنا کر انور علی کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ حسن خان نے بریڈ ہیڈن کو 22 رنز پر آؤٹ کر کے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لیے چوتھی کامیابی حاصل کی۔

60 رنز کی شراکت کے بعد تھسارا پریرا نے رفعت اللہ مہمند کو 17 رنز پر آؤٹ کر کے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لیے دوسری وکٹ حاصل کی۔

ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے ڈیوائن سمتھ کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم میں واپس آنے والے ذوالفقار بابر نے پہلے ہی اوور میں آؤٹ کر دیا۔

اس سال کے ٹورنامنٹ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو واحد شکست اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف کھیلے گیے میچ میں ہوئی تھی جب سیم بلنگز کے 78 رنز کی بدولت اسلام آباد نے کوئٹہ کے 149رنز کے ہدف کو عبور کر لیا تھا۔ اس میچ کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز بدستور نو پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر ہے لیکن اسلام آباد یونائیٹڈ آٹھ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر پہنچ گئی ہے۔

آج کے پہلے میچ میں پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو 17 رنز سے ہرا دیا تھا۔

کل کھیلے جانے والے دو میچوں میں پاکستانی مقامی وقت کے مطابق ساڑھے چار بجے کراچی کنگز کا مقابلہ لاہور قلندرز سے ہوگا جبکہ رات نو بجے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا سامنا پشاور زلمی سے ہوگا۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں