پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو سخت مقابلے کے بعد دو وکٹوں سے شکست دے دی

شاہد آفریدی

متحدہ عرب امارات میں جاری پاکستان سپر لیگ سیزن ٹو میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو سخت مقابلے کے بعد دو وکٹوں سے شکست دے کر پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔

شاہد آفریدی کے ناقبل شکست 45 رنز کی مدد سے لڑکھڑاتی ہوئ پشاور زلمی کی ٹیم نے آخری اوور میں ہدف عبور کیا۔

کئیرون پولارڈ کراچی کنگز کے ہیرو ثابت، پانچ وکٹ سے جیت

محمد سمیع اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہیرو، ایک رن سے جیت

جب پشاور زلمی نے بیٹنگ شروع کی تو 129 رنز کے معمولی ہدف کے سامنے ان کے اوپننگ بلے بازوں نے 38 رنز کی شراکت قائم کی۔

تمیم اقبال کے آؤٹ ہونے کے بعد ان کو ایک دھچکہ لگا لیکن اس کے بعد اصل مشکلات شروع ہوئیں جب دو رنز کے عوض ان کے پانچ بیٹسمین آؤٹ ہو گئے۔

اس موقع پر محمد حفیظ اور شاہد آفریدی کے درمیان قائم ہونے والی 37 رنز کی شراکت سے پشاور زلمی کی امیدیں دوبارہ جاگیں لیکن ٹائمل ملز نے محمد حفیظ کو 22 رنز پر آؤٹ کر دیا۔

اس کے بعد زلمی کا تمام انحصار اپنے سابق کپتان آفریدی پر تھا اور انھوں نے اپنی ٹیم کو مایوس نہیں کیا۔ آفریدی کے ساتھ حسن علی نے بھی عمدہ کھیل پیش کیا اور کوئٹہ کے بہترین بولر ٹائمل ملز کو انیسویں اوور میں دو چوکے لگائے جس کی مدد سے آخری اوور میں زلمی کو صرف سات رنز چاہیے تھے جسے آفریدی نے لگاتار دو گیندوں پر چوکے لگا کر حاصل کر لیے۔

اس سے پہلے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اننگز ایک مایوس کن اختتام کو پہنچی جب ان کی ٹیم بیس اوورز میں صرف 128 رنز بنا سکی۔

دوسرے اوور میں دو وکٹیں گر جانے کے بعد کیون پیٹرسن اور رائلی روسو نے 86 رنز کی شراکت قائم کی تو ایسا لگ رہا تھا کہ کوئٹہ کی ٹیم ایک بڑا سکور کرنے میں کامیاب ہو جائے گی لیکن پشاور زلمی کی جانب سے ان کے بولرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور مسلسل وکٹیں حاصل کر کے گلیڈی ایٹرز کو زیادہ سکور کرنے نہیں دیا۔

تصویر کے کاپی رائٹ PSL
Image caption پشاور زلمی کی جانب سے محمد اصغر کو مین آف دی میچ کا اعزاز ملا

مین آف دی میچ محمد اصغر نے 33 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں۔

آج کے میچ کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی نے اپنے تمام میچز کھیل لیے ہیں اور دونوں ٹیموں کے نو پوائنٹس ہیں لیکن بہتر رن ریٹ کے بنیاد پر زلمی اب پہلی پوزیشن پر فائز ہیں۔

ٹورنامنٹ کے راؤنڈ میچوں کا آخری میچ کل کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف کھیلا جائیگا۔ اگر کراچی کنگز کی ٹیم میچ جیت جاتی ہے یا ان کو کم فرق سے شکست ہوتی ہے تو وہ ناک آؤٹ مرحلے میں داخل ہو جائیں گے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جیت کی صورت میں وہ پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر پہنچ جائیں گے۔

یہ میچ کل رات پاکستان وقت کے مطابق رات نو بجے کھیلا جائیگا۔

آج کھیلے گئے پہلے میچ میں کراچی کنگز نے ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد لاہور قلندرز کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی اور اس کا تمام سہرا اس کے بلے باز کئیرون پولارڈ کے سر جاتا ہے جنھوں نے بیس گیندوں پر 45 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو فتح سےہمکنار کرایا۔

اسی بارے میں