غیرملکی کمنٹیٹرز لاہور نہیں جائیں گے

پاکستان سپر لیگ کے میچوں میں کمنٹری کرنے والے غیر ملکی کمنٹیٹرز فائنل کے لیے لاہور نہیں جائیں گے۔

پاکستان سپر لیگ میں چار غیرملکی کمنٹیٹرز ای این بشپ، ڈینی موریسن، ایلن ولکنز اور خاتون میل جونز کمنٹری کررہی ہیں۔

بی بی سی کو معلوم ہوا ہے کہ ان میں سے ای این بشپ ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کی سیریز کی کمنٹری کے لیے جارہے ہیں تاہم بقیہ تینوں غیرملکی کمنٹیٹرز فائنل کے لیے لاہور نہیں جا رہے ہیں۔

* ’پی ایس ایل فائنل لاہور میں کرانا پاگل پن ہے‘

* ’پاکستان سپر لیگ کا فائنل لاہور میں ہی ہوگا‘

بی بی سی کو یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے میچوں کو دکھانے والے براڈ کاسٹر کی تبدیلی ہونے والی ہے اور لاہور کے فائنل کے نشریاتی حقوق کسی دوسرے براڈ کاسٹر کو دیے جاسکتے ہیں۔

موجودہ براڈ کاسٹر نے موجودہ کمنٹیٹرز سے کہا ہے کہ ان کا معاہدہ پلے آف میچز تک ہے جس کے بعد ان سے نیا معاہدہ نیا براڈ کاسٹر کرسکتا ہے۔

دوسری جانب لاہور میں فائنل کے انعقاد کی منظوری کے بعد پلے آف کھیلنے والی چاروں ٹیموں کی انتظامیہ کا ملا جلا ردعمل سامنے آیا ہے۔

پشاور زلمی کے سربراہ جاوید آفریدی نے بی بی سی کو بتایاکہ اگر ان کی ٹیم فائنل میں پہنچی تو ان کا پورا اسکواڈ لاہور جائے گا۔

کراچی کنگز کے سربراہ سلمان اقبال کا کہنا ہے کہ فی الحال ان کی ٹیم کی توجہ پلے آف مرحلے پر ہے۔ ابھی تک ان کے غیرملکی کھلاڑیوں نے نہ انکار کیا ہے نہ اقرار۔ فائنل میں پہنچنے کی صورت میں ان کھلاڑیوں سے بات کی جائے گی۔

اسلام آباد یونائٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی انتظامیہ کا بھی یہی کہنا ہے کہ اس مرحلے پر وہ کچھ نہیں کہہ سکتے ابھی ان کی توجہ پلے آف پر ہے۔

اسی بارے میں