کوئٹہ کے پانچ غیرملکی کرکٹرز کا لاہور نہ جانے کا فیصلہ

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption روسو لاہور نہ جانے کا فیصلہ کرنے والے پانچویں غیرملکی کرکٹر ہیں

پاکستان سپر لیگ کی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے پانچ غیرملکی کرکٹرز نے سکیورٹی کے خدشات کے سبب لاہور نہ جانے کا فیصلہ کیا ہے جہاں پانچ مارچ کو اس لیگ کا فائنل کھیلا جائے گا۔

ان کرکٹرز میں انگلینڈ کے کیون پیٹرسن، لیوک رائٹ، ٹائمل ملز، جنوبی افریقہ کے رائلی روسواور نیوزی لینڈ کے نیتھن میککلم شامل ہیں۔

دوسری جانب پاکستان سپر لیگ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے ٹوئٹر پر ایک بیان میں تصدیق کی ہے کہ فائنل میں شامل دونوں ٹیمیں میں چار چار غیر ملکی کرکٹرز شامل ہوں گے۔

* غیرملکی کمنٹیٹرز لاہور نہیں جائیں گے

شارجہ میں موجود بی بی سی کے نامہ نگار عبدالرشید شکور کے مطابق پیٹرسن، رائٹ، ملز اور میککلم نے اس بارے میں منگل کی شب ہی اعلان کر دیا تھا اور پیٹرسن تو پہلے پلے آف کے فوراً بعد انگلینڈ بھی روانہ ہوگئے تھے۔

رائلی روسو نے اپنے لاہور نہ جانے کی تصدیق بدھ کی شام ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کی۔

اپنے پیغام میں روسو کا کہنا تھا کہ ’وہ لوگ جو تاحال بےیقینی کا شکار ہیں، میں ایک بوجھل دل کے ساتھ اعلان کر رہا ہوں کہ میں فائنل میں حصہ نہیں لوں گا۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ Twitter

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو اپنے پانچ کھلاڑیوں کے لاہور نہ جانے کے اعلان کے بعد فائنل کے لیے اس فہرست میں سے غیرملکی کرکٹرز کا انتخاب کرنا ہوگا جو پاکستان کرکٹ بورڈ نے فرنچائز مالکان کے سپرد کی ہے۔

کوئٹہ نے پہلے پلے آف میں پشاور زلمی کو ایک رن سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کی کمنٹری کرنے والے تین غیرملکی کمنٹیٹرز بھی لاہور نہ جانے کا فیصلہ کرچکے ہیں اور فائنل کی کمنٹری ٹیم رمیز راجہ، بازید خان اور وقاریونس پر مشتمل ہوگی۔

وقاریونس پی ایس ایل کے دبئی اور شارجہ میں کھیلے جانے والے میچز کی کمنٹری ٹیم میں شامل نہیں تھے۔

تصویر کے کاپی رائٹ PCB
Image caption کیون پیٹرسن کے علاوہ لیوک رائٹ، ٹائمل ملز اور نیوزی لینڈ کے نیتھن مک کلم بھی لاہور نہیں جائیں گے

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں