بنگلور ٹیسٹ میں آسٹریلیا کے خلاف انڈیا کی فتح، سیریز برابر

روی چندرن ایشون تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption روی چندرن ایشون نے چھ وکٹیں لے کر انڈیا کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا

بنگلور میں کھیلے جانے والے دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میں انڈیا نے آسٹریلیا کو 75 رنز سے شکست دے کر سیریز ایک ایک سے برابر کر دی ہے۔

اس میچ میں فتح کے لیے آسٹریلیا کو 188 رنز کا ہدف ملا لیکن اس کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں صرف 112 رنز ہی بنا سکی۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

دوسری اننگز میں آسٹریلیا کے لیے کپتان سمتھ 28 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے جبکہ سات کھلاڑیوں کا سکور دوہرے ہندسوں تک بھی نہ پہنچ سکا۔

انڈیا کے لیے ایشون سب سے کامیاب بولر رہے جنھوں نے چھ وکٹیں لیں۔ ان کے علاوہ امیش یادو نے دو جبکہ ایشانت شرما اور رویندر جدیجا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل چوتھے دن کے کھیل کے آغاز میں انڈیا کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 274 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔

انڈیا کا مڈل اور لوئر آرڈر ایک بار پھر ناکام رہا اور اس کی چھ وکٹیں سکور میں صرف 36 رنز کا ہی اضافہ کر سکیں۔

منگل کو جب کھیل شروع ہوا تو انڈیا کی جانب سے چتیشور پجارا اور اجنکیا ریہانے نے ٹیم کا سکور 238 تک پہنچا دیا۔

اس دوران ریہانے نے نصف سنچری بھی مکمل کی لیکن وہ اس کے فوراً بعد 52 کے سکور پر مچل سٹارک کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔

اگلی ہی گیند سٹارک نے کرون نائر کو بولڈ کر کے آسٹریلیا کو چھٹی کامیابی دلوا دی۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption آسٹریلیا کی جانب سے ہیزل وڈ نے چھ وکٹیں لیں

مجموعی سکور میں چار رنز کے اضافے کے بعد پجارا بھی نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے اور 92 رنز بنانے کے بعد ہیزل وڈ کی چوتھی وکٹ بن گئے۔

بعد میں آنے والے بلے بازوں میں ساہا کے علاوہ کسی بھی بلے باز کا سکور دوہرے ہندسوں میں داخل نہ ہو سکا اور پوری ٹیم 274 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔

آسٹریلیا کی جانب سے ہیزل ووڈ نے چھ، سٹارک اور اوکیف نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

اس میچ میں آسٹریلیا کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 276 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی جبکہ انڈیا نے اپنی پہلی اننگز میں 189 رنز بنائے تھے۔

اس طرح آسٹریلیا کو پہلی اننگز میں 87 رنز کی برتری حاصل ہوئی تھی۔

خیال رہے آسٹریلیا کو چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔

اسی بارے میں