دورہ ویسٹ انڈیز: پاکستان کی قیادت مصباح کے ہاتھ

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے تصدیق کی ہے کہ مصباح الحق نے دورہ ویسٹ انڈیز میں اپنی دستیابی سے آگاہ کر دیا ہے اور وہ پاکستانی ٹیم کی قیادت کریں گے۔

واضح رہے کہ مصباح الحق نے برسبین اور میلبرن ٹیسٹ میچز میں شکست اور خود اپنی مایوس کن بیٹنگ کے بعد بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا عندیہ دیا تھا تاہم سڈنی ٹیسٹ سے ایک روز قبل پریس کانفرنس میں انھوں نے کہا ہے کہ یہ بات انھوں نے مایوسی کے عالم میں کی تھی۔

٭’مصباح نے مشکل وقت میں حوصلہ دیا‘

بی بی سی کے نامہ نگار عبدالرشید شکور کے مطابق پیر کو پی سی بی کے چیئرمین نے کہا ہے کہ ’مصباح الحق سے رابطے کے بعد سلکیشن کمیٹی کو بتایا ہے کہ مصباح الحق ہی ویسٹ انڈیز کے دورے میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کریں گے۔‘

واضح رہے کہ آسٹریلیا کے دورے میں ناکامی کے بعد سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین انضمام الحق مصباح الحق کو مزید موقع دینے کے لیے تیار نہیں تھے۔ ان کا خیال ہے کہ تینوں فارمیٹس کا کپتان ایک ہی ہو لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریارخان اور پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر مصباح الحق کے حق میں دکھائی دیتے ہیں۔

پی ایس ایل کے دوران مکی آرتھر نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ مصباح الحق سے دوبارہ بات کریں گے فی الحال وہ یہ نہیں کہہ سکتے کہ مصباح الحق کیا فیصلہ کریں گے لیکن وہ ایک زبردست کپتان ہیں جن کی پاکستانی کرکٹ کے لیے بہت زیادہ خدمات ہیں۔

اسی بارے میں