’انٹرنیشنل الیون‘ ستمبر میں پاکستان کا دورہ کرے گی

کرکٹ تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption پی ایس ایل کے فائنل مقابلے کے موقع پر لاہور کا قذافی سٹیڈیم کھچا کھچ بھرا ہوا تھا

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چئیرمین شہریارخان کا کہنا ہے کہ غیرملکی کھلاڑیوں پر مشتمل ’انٹرنیشنل الیون‘ ٹیم اس سال ستمبر میں پاکستان کا دورہ کرے گی۔

اس دورے کے پس پردہ محرک انگلینڈ اور ویلز کرکٹ بورڈ کے صدر جائلز کلارک ہیں جو پاکستان سے متعلق آئی سی سی کی ٹاسک فورس کے سربراہ بھی ہیں۔

’آپ سب کو عیدِ پی ایس ایل فائنل مبارک'

پی ایس ایل کا فائنل، شائقین کا جوش و خروش عروج پر

بی بی سی کے نامہ نگار عبدالرشید شکور کے مطابق شہریارخان کا کہنا ہے کہ جائلز کلارک نے انھیں ایک خط لکھا جس میں انھوں نے پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے لاہور میں کامیاب انعقاد کی تعریف کی اور کہا کہ وہ اس سال غیرملکی کرکٹرز کی ایک بین الاقوامی ٹیم پاکستان لائیں گے۔

تاہم ابھی ٹیم کے کھلاڑیوں کی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔

واضح رہے کہ جائلز کلارک نے اس سے قبل بھی ایک انٹرنیشنل الیون پاکستان لانے کا ارادہ ظاہر کیا تھا لیکن مالی معاملات طے نہ پانے کی وجہ سے یہ دورہ ممکن نہ ہوسکا تھا۔

جائلز کلارک نے گزشتہ دنوں پاکستان کا دورہ کیا تھا اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلی حکام سے ملاقات کی تھی۔

پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے لاہور میں کامیاب انعقاد کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کی کوششیں تیز کردی ہیں جبکہ دوسری جانب فائنل کے موقع پر مدعو کیے گئے آئی سی سی اور دیگر ممالک کے سکیورٹی ماہرین نے بھی سکیورٹی کے انتظامات کا بغور جائزہ لیا ہے ۔

خیال ظاہر کیا جارہا ہے کہ ان ماہرین کی سکیورٹی انتظامات سے متعلق مثبت رپورٹس بھی پاکستان کرکٹ بورڈ کی کوششوں کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کریں گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے چیرمین نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ وہ نہ صرف جائلز کلارک بلکہ ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ سے بھی رابطے میں ہیں۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں