پاکستان سپر لیگ کی فاتح پشاور زلمی کو افغانستان کے دورے کی دعوت

پشاور زلمی تصویر کے کاپی رائٹ AFP

افغانستان کے صدر اشرف غنی نے پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کی فاتح پشاور زلمی کی ٹیم کو اس کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کابل کے دورے کی دعوت دی ہے۔

پشاور زلمی نے پانچ مارچ کو لاہور میں کھیلے گئے فائنل میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کو شکست دے کر پہلی بار یہ ٹورنامنٹ جیتا ہے۔

پشاور زلمی پاکستان سپر لیگ 2017 کی فاتح

پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے بی بی سی اردو کے عادل شاہزیب سے بات کرتے ہوئے افغان صدر کی دعوت کی تصدیق کی۔

ان کا کہنا تھا کہ افغان نائب وزیر خارجہ حکمت خلیل کرزئی نے انھیں فون پر صدر غنی کی طرف سے مبارکباد اور افغانستان کے دورے کی دعوت کا پیغام پہنچایا ہے۔

جاوید آفریدی کے مطابق انھوں نے یہ دعوت قبول کر لی ہے اور پشاور زلمی کی ٹیم رواں سال موسم گرما میں کابل کا دورہ کرے گی اور اس ٹیم میں شاہد آفریدی سمیت تمام بڑے کھلاڑی شامل ہوں گے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا پشاور زلمی کی ٹیم اپنی کوششوں سے افغانستان اور پاکستان کو قریب لا سکتی ہے اور کرکٹ کے ذریعے سے دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کے قریب آ سکتے ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے پہلے ایڈیشن میں افغان کھلاڑی بھی شریک ہوئے تھے تاہم رواں برس مصروفیات کی وجہ سے وہ پی ایس ایل میں حصہ نہیں لے پائے تھے۔

اسی بارے میں