کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی میچ کے لیے پشاور زلمی سے رابطے کی تردید

شاہ رخ خان تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption شاہ رخ خان نے پی ایس ایل کے فائنل سے قبل بھی پشاور زلمی کے لیے نیک خواہشات ظاہر کی تھیں

انڈین پریمیئر لیگ کی ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈر نے پاکستان سپر لیگ کی فاتح ٹیم پشاور زلمی کے خلاف میچ کھیلنے کے کسی بھی منصوبے سے انکار کیا ہے۔

پاکستان سپر لیگ کی فاتح پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی کی جانب سے جمعرات کو یہ بات سامنے آئی تھی کہ انڈین پریمیئر لیگ کی ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈر کے مالک اور مشہور فنکار شاہ رخ خان نے ان دونوں ٹیموں کے مابین کرکٹ میچ منعقد کروانے کی خواہش ظاہر کی ہے۔

تاہم ان کے دعوے کے برعکس کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جاری ہونے والے پیغام میں ایسے کسی بھی میچ کے انعقاد سے انکار کیا گیا ہے۔

پیغام میں کہا گیا ہے کہ 'کولکتہ نائٹ رائیڈر کوئی بھی ایسا میچ یا لیگ نہیں کھیلے گی جس کی اجازت نہ دی گئی ہو اور اس سلسلے میں گردش کرنے والی خبریں غلط ہیں۔ ہماری طرف سے اس سلسلے میں کوئی رابطہ نہیں کیا گیا۔'

پشاور زلمی پاکستان سپر لیگ 2017 کی فاتح

پشاور زلمی کو افغانستان کے دورے کی دعوت

جمعرات کو بی بی سی کے عبدالرشید شکور سے بات کرتے ہوئے جاوید آفریدی کا کہنا تھا کہ شاہ رخ خان نے ان سے گفتگو کے دوران پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن میں پشاور زلمی کی کامیابی پر انھیں مبارکباد دی اور ساتھ ہی کولکتہ نائٹ رائیڈرز اور پشاور زلمی کے مابین میچوں کے انعقاد کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔

پشاور زلمی کے مالک کے مطابق انھوں نے شاہ رخ خان پر واضح کیا کہ اس تجویز پر اسی صورت میں غور کیا جا سکتا ہے جب باقاعدہ طور پر کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی جانب سے ایسی کوئی پیشکش سامنے آئے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Twitter

جاوید آفریدی کا کہنا تھا کہ اگر ایسی کوئی پیشکش سامنے آتی ہے تو پھر پاکستان کرکٹ بورڈ کے مشورے سے ہی اس کا کوئی جواب دیا جا سکتا ہے۔

پشاور زلمی کی ٹیم کو اس سے قبل افغانستان کے صدر کی جانب سے بھی کابل کا دورہ کرنے کی دعوت مل چکی ہے جس کا مثبت جواب دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان اور انڈیا کے درمیان کرکٹ روابط اس وقت تعطل کا شکار ہیں۔

اسی بارے میں