شاداب خان اور اسامہ میر قومی تربیتی کیمپ میں شامل

پاکستان سپر لیگ میں عمدہ کارکردگی کا صلہ جہاں کئی نوجوان کرکٹرز کو قومی کرکٹ ٹیم کے تربیتی کیمپ میں شمولیت کی شکل میں ملا ہے وہیں کامران اکمل اور احمد شہزاد جیسے تجربہ کار کھلاڑی بھی کیمپ میں واپس آئے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے جمعرات کو دورۂ ویسٹ انڈیز میں ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے میچوں کی تیاری کے لیے لگائے گئے کیمپ میں 31 کھلاڑیوں کو طلب کیا ہے جن میں قومی ٹیم کے ریگولر کھلاڑیوں کے علاوہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیگ سپنر شاداب خان اور بلے باز حسین طلعت، لاہور قلندر کے بلے باز فخر زمان اور کراچی کنگز کے لیگ سپنر اسامہ میر بھی شامل ہیں۔

اسامہ میر پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن میں آٹھ میچوں میں 12 وکٹیں حاصل کر کے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولروں میں چوتھے نمبر پر رہے۔

شاداب خان نے اس ایڈیشن میں نو وکٹیں لی تھیں جبکہ لاہور قلندر کے خلاف ایک میچ میں انھوں نے عمدہ آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 42 رنز کی جارحانہ اننگز بھی کھیلی تھی۔

بلے بازی کے شعبے میں فخر زمان نے ایک نصف سنچری کی مدد سے ٹورنامنٹ میں 177 رنز بنائے تھے جبکہ حسین طلعت کی کارکردگی بھی انھیں سلیکٹرز کی نظروں میں لے آئی ہے۔

کامران اکمل کی ایک طویل عرصے کے بعد تربیتی کیمپ میں واپسی ہوئی ہے۔ کامران اکمل نے قومی ڈومیسٹک سیزن کے علاوہ پاکستان سپر لیگ میں بھی غیرمعمولی پرفارمنس دی ہے۔

وہ پی ایس ایل 2017 کے بہترین کھلاڑی قرار دیے گئے تھے۔ انھوں نے اس ٹورنامنٹ میں پشاور زلمی کی نمائندگی کرتے ہوئے نہ صرف سب سے زیادہ رنز بنائے بلکہ بہترین وکٹ کیپر بھی رہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Facebook KARACHI KINGS

ان کے علاوہ اوپنر احمد شہزاد بھی سلیکٹرز کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

ڈسپلن کی خلاف ورزی کے بعد سے پاکستانی ٹیم سے باہر رہنے والے احمد شہزاد نے حالیہ قومی سیزن میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک ہزار سے زائد رنز بنائے تھے جن میں پانچ سنچریاں بھی شامل ہیں۔

قومی کیمپ میں بلائے جانے والے 31 کھلاڑیوں میں احمد شہزاد، محمد حفیظ۔، فخرزمان، اظہرعلی، شان مسعود، بابراعظم، شعیب ملک، عمراکمل، آصف ذاکر، سعد علی، سرفراز احمد، کامران اکمل، فہیم اشرف، حسین طلعت، عماد بٹ، محمد عامر، حسن علی، وہاب ریاض، راحت علی، رومان رئیس، سہیل خان، جنید خان، سہیل تنویر، محمد اصغر، محمد عباس، عثمان شنواری، اُسامہ میر، عماد وسیم، شاداب خان، محمد نواز اور یاسر شاہ شامل ہیں۔

قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ 11 مارچ سے لاہور کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں شروع ہو رہا ہے۔ پاکستانی ٹیم ویسٹ انڈیز کے دورے کا آغاز 26 مارچ کو ٹی 20 میچ سے کرے گی۔

یہ دورہ چار ٹی ٹوئنٹی، تین ایک روزہ اور تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل ہوگا۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں