مچل سٹارک پاؤں میں تکلیف کے باعث انڈیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے باہر

مچل سٹارک تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

آسٹریلیا کے فاسٹ بولر مچل سٹارک پاؤں پر چوٹ لگنے کے باعث انڈیا کے خلاف کھیلے جانے والے آئندہ دو ٹیسٹ میچوں میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔

27 سالہ مچل سٹارک انڈیا کے خلاف جاری سیریز میں اب تک کھیلے گئے دو ٹیسٹ میچوں میں صرف پانچ وکٹیں ہی حاصل کر سکے تھے۔

واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان جاری چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز ایک، ایک سے برابر ہے۔

پونے میں کھیلے جانے والے پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے انڈیا کو 333 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دی تھی جبکہ بنگلور ٹیسٹ میں انڈیا نے 75 رنز سے فتح حاصل کر کے سیریز ایک،ایک سے برابر کر دی تھی۔

کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا ہے کہ آئندہ چند دنوں میں متبادل کھلاڑی کا اعلان کردیا جائے گا، جبکہ مچل سٹارک علاج کے لیے آسٹریلیا واپس جارہے ہیں۔

تاہم آسٹریلوی سکواڈ میں جیکسن برڈ کو اضافی فاسٹ بولر کے طور پر شامل کیا گیا تھا۔

آسٹریلوی ٹیم کے فزیو ڈیوڈ بیکلی کا کہنا ہے کہ ’بنگلور میں دوسرے ٹیسٹ کے دوران مچل کو دائیں پاؤں میں کچھ درد محسوس ہوا تھا، جو بدقسمتی سے ہماری امید کے برعکس چند دنوں میں ختم نہیں ہوا۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’ہم نے آج صبح بنگلور میں ان کے پاؤں کا سکین کرانے کا فیصلہ کیا اور بدقسمتی سے اس میں سٹریس فریکچر سامنے آیا ہے۔‘

انڈیا اور آسٹریلیا کے مابین سیریز کا تیسرا ٹیسٹ میچ جمعرات سے رانچی میں کھیلا جائے گا۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں