گال ٹیسٹ: ہیراتھ کی عمدہ بولنگ، سری لنکا 259 رنز سے کامیاب

ہیراتھ تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption رنگنا ہیراتھ کی ٹیسٹ وکٹوں کی تعداد 366 ہو گئی ہے

سری لنکا اور بنگلہ دیش کے درمیان دو کرکٹ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں میزبان ٹیم نے 259 رنز سے کامیابی حاصل کر لی ہے۔

گال میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کے آخری دن بنگلہ دیش کی ٹیم 457 کے ہدف کے تعاقب میں 197 رنز کر آؤٹ ہوگئی۔

کپتان رنگنا ہیراتھ نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 59 رنز کے عوض چھ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

سنیچر کو بنگلہ دیش نے 67 رنز بغیر کسی نقصان کے اپنی دوسری اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو سومایا سرکار کے علاوہ کوئی بھی بلے باز سری لنکن بولرز کا جم کر سامنا نہیں کر سکا۔

سومایا سرکار نے 53 رنز بنائے جبکہ دیگر بلے بازوں میں لٹن داس 35، مشفیق الرحیم 34 اور مہدی حسن مراز 28 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

سری لنکا کی جانب سے ہیراتھ نے چھ، پریرا نے دو، گنارتنے اور سندکان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس میچ میں چھ وکٹیں حاصل کرنے کے بعد رنگنا ہیراتھ کی ٹیسٹ وکٹوں کی تعداد 366 ہو گئی ہے اور اس طرح ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں ڈینیئل ویٹوری کو پیچھے چھوڑتے ہوئے بائیں ہاتھ سے سپن بولنگ کروانے والے کامیاب ترین بولر بن گئے ہیں۔

دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا دوسرا اور آخری میچ 15 مارچ سے کولمبو میں کھیلا جائے گا جبکہ اس کے بعد چار ایک روزہ اور دو ٹی 20 میچ کی سیریز بھی کھیلی جائے گی۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں