افغانستان کے محمد شہزاد رنز کی دوڑ میں کوہلی اور عمر اکمل سے آگے

محمد شہزاد تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption محمد شہزاد ٹی 20 میں اب سب سے زیادہ رنز بنانے والوں کی فہرست میں 1779 رنز کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں

افغانستان کی کرکٹ ٹیم آئے دن نئی بلندیاں حاصل کر رہی ہے اور اس نے ٹی 20 میں مسلسل میچز جیتنے کے معاملے میں ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کا درجہ رکھنے والی بہترین ٹیموں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

ان کی اس کامیابی میں یوں تو ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کی کوششیں شامل ہیں لیکن ان کے وکٹ کیپر اور اوپنر بیٹس مین محمد شہزاد کا تعاون قابل قدر ہے۔

ٹی 20 بین الاقوامی مییچوں میں انھوں نے آئرلینڈ کے خلاف انڈیا میں ہونے والی حالیہ سیریز میں انڈیا کے وراٹ کوہلی اور پاکستان کے عمر اکمل کو مجموعی رنز کی دوڑ میں پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ وہ آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر سے بھی آگے ہیں۔

اب وہ ٹی 20 بین الاقوامی میچوں میں سب سے زیادہ رنز بنانے والوں کی فہرست میں 1779 رنز کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں جبکہ پہلے نمبر پر نیوزی لینڈ کے برینڈم میککلم ہیں جنھوں نے 71 میچز میں 2140 رنز بنائے ہیں۔

ان کے بعد سری لنکا کے تلکارتنے دلشان اور نیوزی لینڈ کے اوپنر مارٹن گپٹل ہیں جنھوں نے بالترتیب 1889 اور 1806 رنز بنا رکھے ہیں۔

محمد شہزاد نے 58 میچز میں ایک سنچری اور 12 نصف سنچریوں کی بدولت یہ کارنامہ انجام دیا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption افغانستان کی ٹی 20 ٹیم اس وقت لگاتار سب سے زیادہ ٹی 20 انٹرنیشنل میچ جیتنے والی ٹیم ہے

حالیہ سیریز کے پہلے میچ میں انھوں نے 47 رنز بنائے جبکہ آخری میچ میں 72 رنز بنا کر وہ کوہلی سے آگے نکل گئے۔

اگرچہ کوہلی کی مجموعی اوسط ان سے بہتر ہے لیکن ان کا سٹرائیک ریٹ کوہلی، میککلم، دلشان اور گپٹل سے بہتر ہے۔ اس کے علاوہ وہ دلشان، عمر اکمل اور ڈیوڈ وارنر سے اچھی اوسط رکھتے ہیں۔

وہ ٹی 20 میں سب سے زیادہ چوکے لگانے میں دلشان کے بعد دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں اور انھوں نے میککلم کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

افغانستان ٹیم کی مسلسل اچھی کارکردگی کے باعث انڈین کرکٹ بورڈ نے ان کے پانچ کھلاڑیوں کو آئی پی ایل کی نیلامی میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

محمد شہزاد کو کسی ٹیم نے نہیں لیا تاہم ان کے دو کھلاڑی آل راؤنڈر محمد نبی اور نئے سپنر راشد خان کو آئی پی ایل میں خرید لیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے مطابق افغانستان کی ٹی 20 ٹیم اس وقت لگاتار سب سے زیادہ ٹی 20 انٹرنیشنل میچ جیتنے والی ٹیم ہے اور وہ اب تک 11 میچز مسلسل جیت چکی ہے اور ابھی بھی یہ سلسلہ جاری ہے۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں