مرتے دم تک پاکستان آتا رہوں گا: مارلن سیموئلز

میرلن سیموئلز تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption میرلن سیموئلز پشاور زلمی کی فاتح ٹیم کا حصہ تھے

ویسٹ انڈیز کے کرکٹر مارلن سیموئلز نے پاکستانی فوج میں شامل ہونے کی خواہش ظاہر کی ہے اور کہا ہے کہ وہ مرتے دم تک پاکستان آتے رہیں گے۔

36 سالہ سیموئلز پاکستان سپر لیگ یعنی پی ایس ایل کا فائنل کھیلنے کے لیے لاہور آئے تھے جہاں انھوں نے اپنی اس خواہش کا اظہار کیا۔

٭ ڈیرن سیمی پشاور زلمی کے کپتان مقرر

٭ پشاور زلمی کو افغانستان کے دورے کی دعوت

٭ ’پشاور زلمی کے غیرملکی کھلاڑی لاہور جانے کو تیار‘

واضح رہے کہ سیموئلز پی ایس ایل میں پشاور زلمی کی نمائندگی کر رہے تھے اور لاہور ہونے والے فائنل میں اسی ٹیم نے پی ایس ایل کا اعزاز اپنے نام کیا تھا۔

اس کے مالک جاوید آفریدی نے ٹوئیٹر پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں جمیکا کے اس کھلاڑی نے پاکستانی فوج کے سیکورٹی انتظامات کی تعریف کی۔

پشاور زلمی کے پی ایس ایل جیتنے کے بعد پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے فاتح ٹیم سے ملاقات کی تھی۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption پشاور زلمی کی قیادت ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی ڈیرن سیمی نے کی تھی

ڈیڑھ منٹ سے زیادہ کے اس ویڈیو میں سیموئلز نے کہا کہ ان کے لیے پاکستان میں آکر کرکٹ کھیلنا یہاں کا محض دورہ کرنے سے زیادہ تھا۔ یہاں کھیلنے سے ان اداس چہروں پر خوشی لوٹ آئی ہے، جو طویل عرصے سے یہاں کرکٹ نہیں دیکھ پا رہے تھے۔

سیموئلز نے کہا: 'میں دل سے پاکستانی ہوں اور یہی وجہ ہے کہ مجھے پاکستان آنے کے بارے میں فیصلہ کرنے میں کوئی ہچکچاہٹ نہیں ہوئی۔‘

پاکستانی فوج کے سربراہ کو براہ راست خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا: ’جنرل میں آپ کو سليوٹ کرتا ہوں۔ میں اپنے کندھوں پر پاکستانی فوج کا مٹیلک بیج لگنے کا انتظار کر رہا ہوں۔ میں بھی پاکستانی فوج کا حصہ بننا چاہتا ہوں۔ میں مرتے دم تک اس ملک میں آتا رہوں گا۔‘

خیال رہے کہ پاکستان میں ایک عرصے کے بعد کرکٹ کے بین الاقوامی کھلاڑیوں کی آمد شروع ہوئی ہے۔ 2009 میں سری لنکا کی ٹیم پر ہونے والے حملے کے بعد پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ ختم ہو گئی۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں