میکسیکو میں ریفریز کی ہڑتال کے بعد فٹبالرز کی سزا میں اضافہ

تصویر کے کاپی رائٹ EPA
Image caption دائیں جانب پابلو اگیلر کو ابتدا میں دس میچوں پر پابندی کی سزا ملی تھی

میکسیکو کی فٹبال فیڈریشن نے ریفریز سے جھگڑے پر دو فٹبالر پر ایک سال کی پابندی عائد کر دی ہے۔

دونوں فٹبالرز کو الگ الگ واقعات میں ریفری سے جھگڑے پر آٹھ سے دس میچوں کی پابندی کی سزا دی گئی تھی تاہم ریفریز نے اس سزا کو ناکافی قرار دیتے ہوئے ہڑتال کر دی تھی۔

اس کے بعد فٹبال فیڈریشن نے سزا پر نظرثانی کرتے ہوئے دونوں فٹبالرز پر ایک برس کی پابندی کے علاوہ جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔

کلب امریکہ کے پابلو اگیلر اور کلب داپرتیو تولوکا کے اینرک ٹریویو الگ الگ واقعات میں ریفری کو دھکا دیا اور چہرے پر وار کیا۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption ریفری کو دھکا دینے پر اینرک ٹریویو پر آٹھ ہفتوں کی پابندی لگائی گئی تھی

ریفریز نے اشتعال انگیزی کی رپورٹ کرتے ہوئے توقع ظاہر کی تھی کہ ان پر ایک برس کی پابندی عائد کر جائے گی تاہم فٹبال فیڈریشن نے ان پر چند میچوں کی پابندی لگا دی جس سے ریفریز کی ایسوسی ایشن نے غصے کا اظہار کرتے ہوئے ہڑتال کر دی۔

ہڑتال کے نتیجے میں اختتام ہفتہ پر اعلیٰ فٹبال لیگ کے میچوں کو منسوخ کرنا پڑا جس کے بعد فٹبالرز کی سزا میں اضافہ کر دیا گیا۔

فٹبال فیڈریشن کی جانب سے نئی سزا کے اعلان کے فوری بعد ہی ریفریز نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔

اسی بارے میں