جنوبی افریقہ نے ویلنگٹن ٹیسٹ آٹھ وکٹوں سے جیت لیا

جنوبی افریقہ تصویر کے کاپی رائٹ AFP/Getty Images
Image caption جنوبی افریقہ کی ٹیم کے کپتان فاف ڈوپلیسی نیوزی لینڈ کے کھلاڑیوں کے آوٹ ہونے پر جشن مناتے نظر آ رہے ہیں

جنوبی افریقہ نے ویلنگٹن میں ہونے والے دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی اہم برتری حاصل کر لی ہے۔

دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 171 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

اس طرح اس نے جنوبی افریقہ کے سامنے جیتنے کے لیے 81 رنز کا آسان ہدف رکھا جسے جنوبی افریقہ نے دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ ہاشم آملہ نے 38 اور جے پی ڈومنی نے 15 رنز بنائے اور دونوں آوٹ نہیں ہوئے۔

میچ کا سکور کارڈ دیکھنے کے لیے کلک کریں

دوسری اننگز میں جیت راول کے علاوہ نیوزی لینڈ کا کوئی بھی بیٹسمین مورنے مورکل اور کیشو مہاراج کی بولنگ کا عمدگی سے مقابلہ نہیں کر سکا۔

راول نے 80 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جبکہ مہاراج نے 40 رنز کے عوض چھ وکٹیں حاصل کیں اور مورکل کے حصے میں تین وکٹیں آئیں۔

اس سے قبل جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی اور نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم ہنری نکولس کی سنچری (118) کے باوجود صرف 268 رنز بناکر آؤٹ ہو گئی۔

پہلی اننگز میں ڈومینی نے چار جبکہ مورکل، رباڈا اور مہاراج نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP/Getty Images
Image caption کیشو مہاراج نے دوسری اننگز میں چھ وکٹیں حاصل کیں اور انھیں مین آف دا میچ قرار دیا گيا

جواب میں جنوبی افریقہ کا آغاز آچھا نہ تھا لیکن ٹیمبا بووما (89) اور وکٹ کیپر بیٹس مین ڈی کاک (91) کی عمدہ اننگز کی بدولت جنوبی افریقہ نے 359 رنز بنائے اور 91 رنز کی اہم سبقت حاصل کر لی۔ آخیر میں مورکل اور فیلینڈر نے بھی عمدہ شراکت کی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے گرانڈھوم اور ویگنر نے تین تین وکٹیں لیں جبکہ دو کٹیں ٹم ساؤدی کے حصے میں آئیں۔

ڈونیڈن میں کھیلا جانے والا سیریز کا پہلا میچ ڈرا رہا تھا جبکہ تیسرا میچ ہیملٹن میں 25 مارچ سے کھیلا جائے گا۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں