دھرم شالہ ٹیسٹ: سمتھ کی 20 ویں سنچری

سمتھ تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption آسٹریلوی کپتان سمتھ نے رواں سیریز میں اپنے بہترین فارم کا ثبوت دیا ہے اور دھرم شالہ میں 20 ویں سنچری سکور کی

انڈیا کے شمالی شہر دھرم شالہ میں آسٹریلیا کے خلاف چوتھے اور آخری ٹیسٹ میچ میں انڈین کپتان وراٹ کوہلی زخمی ہونے کی وجہ سے نہیں کھیل رہے ہیں جبکہ آسٹریلوی کپتان نے اپنی 20 سنچری سکور کی ہے۔

وراٹ کوہلی کی جگہ اجنکیا رہانے کو کپتانی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

سنیچر کو شروع ہونے والے چوتھے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور ابتدا میں ہی میٹ رین شا ایک رن بنا کر آؤٹ ہو گئے لیکن اس کے بعد سے کپتان سٹیون سمتھ اور ڈیوڈ وارنر نے جارحانہ انداز اپنا رکھا تھا۔ ابھی سے تھوڑی دیر قبل تک آسٹریلیا نے آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 271 رنز بنا لیے تھے۔

میچ کا تازہ سکور دیکھنے کے لیے کلک کریں

آسٹریلیا کی جانب سے وارنر، سمتھ اور میتھیو کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی ٹک کر نہ کھیل سکا جبکہ انڈیا کی جانب سے نئے کھلاڑی کلدیپ یادو نے چار جبکہ امیش یادو نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

خیال رہے کہ رانچی میں آسٹریلیا کے ساتھ تیسرے ٹیسٹ میچ میں فیلڈنگ کے دوران وراٹ کوہلی کے کندھے میں چوٹ آ گئی تھی اور انھوں نے کہا تھا کہ وہ سو فیصد فٹ ہونے کی صورت میں ہی میچ کھیلیں گے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption وراٹ کوہلی اور ایشانت شرما دھرمشالہ میں جاری میچ میں شریک نہیں ہیں

اس میچ میں کلدیپ یادو کو موقع ملا ہے اور یہ ان کے کریئر کا پہلا ٹیسٹ میچ ہے۔ اس کے علاوہ فاسٹ بولر ایشانت شرما کی جگہ بھونیشور کمار کو ٹیم میں جگہ ملی ہے۔ دوسری جانب آسٹریلیا کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

چار ٹیسٹ میچوں کی رواں سیریز میں دونوں ٹیموں کو ایک ایک میچ میں کامیابی ملی ہے جبکہ تیسرا میچ ڈرا رہا تھا۔

رواں میچ میں جو ٹیم فتح یاب ہوگی بورڈر گاواسكر ٹرافی اس کے حصے میں آئے گی۔

وراٹ کوہلی کی چوٹ اور میچ میں ان کا نہ ہونا ہندوستانی خیمے کے لیے باعث تشویش ہے. سابق کرکٹر سنیل گاوسکر نے جمعے کو کہا تھا کہ اگر وراٹ 50 فیصد بھی فٹ ہیں تو انھیں کھیلنا چاہیے۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں