دھرم شالہ:آسٹریلیا 300 پر آؤٹ، سمتھ کی تیسری سنچری

تصویر کے کاپی رائٹ AP

کوہ ہمالیہ کے برف پوش پہارؤں کے دامن میں واقع دھرمشالہ کرکٹ گراؤنڈ میں چوتھے اور سیریزکے آخری میچ میں آسٹریلیا نے اننگز کا عمدہ آغاز کیا لیکن پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے لیگ سپنر کلدیپ یادیو نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے آسٹریلیا کی پوری ٹیم 300 کے مجموعی سکور پر آؤٹ کر دیا۔

آسٹریلوی کپتان سٹیو سمتھ نے ٹاس جیت کر جب پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو انڈیا کو جلد ہی کامیابی مل گئی جب نوجوان کھلاڑی رینشاہ فاسٹ بولر امیش یادیو کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

تفصیلی سکور کارڈ

بھارت سیریز کے چوتھے اور فیصلہ کن میچ میں اپنے کپتان ویراٹ کوہلی کے بغیر میدان میں اترا ہے جو کندھا زخمی ہونے کی وجہ ٹیم میں شامل نہ ہو سکے۔ اجنکا ریحانے میچ کی کپتانی کر رہے ہیں۔ چار میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر ہے۔

میتھو رینشاہ جب فاسٹ بولر امیش یادیو کی گیند پر بولڈ ہو گئے تو سٹیو سمتھ میدان میں اترے اور اپنی عمدہ فارم کو برقرار رکھتے ہوئے ٹیم کے سکور کو تیزی سے آگے بڑھانا شروع کیا۔ جارحانہ بیٹنگ کرنے کے لیے مشہور ڈیوڈ وارنر نے سیریز میں پہلی بار ایسی بیٹنگ کا مظاہرہ کرنا شروع جس کے لیے وہ شہرت رکھتے ہیں۔

ڈیوڈ وارنر اور سٹیو سمتھ نے ٹیم کا سکور 144 تک پہنچا دیا جب آسٹریلیا کی دوسری وکٹ گری۔ ڈّیوڈ وارنر موجودہ سیریز کی پہلی نصف سنچری سکور کر کے لیگ سپنر کلدیپ یادیو کی پہلی وکٹ بن گئے۔

آسٹریلیا کے کپتان سٹیو سمتھ جو سیریز میں پہلے ہی دو سنچریاں سکور کر چکے تھے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئےاپنی ٹیم کے سکور کو آگے بڑھاتے رہے لیکن دوسری جانب وقفے وقفے سے آسٹریلیا کی وکٹیں گرتی رہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters

سٹیوسمتھ نے سیریز کی تیسری سنچری مکمل کی۔ لیکن ان کے علاوہ کوئی دوسرا بیٹسمین جم کر نہ کھیل سکا اور آسٹریلیا کی پوری ٹیم 300 کے مجموعی سکور پر آؤٹ ہو گئی۔

انڈیا کی جانب سے زخمی ویراٹ کوہلی کی جگہ ٹیم میں آنے والے نوجوان لیگ سپنر کلدیپ یادیو نے آسٹریلیا کےچار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

انڈیا اپنی ٹیم میں دو تبدیلیاں اور زخمی ویراٹ کوہلی کی جگہ کلدیپ یادیو اور فاسٹ بولر ایشانت شرما کی جگہ بھونشور کمار کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔

آسٹریلیا جس نے گذشتہ میچ میں عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے میچ کو برابری پر ختم کر لیا تھا اپنی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔

انڈیا کو میچ کے اختتامی لمحات میں صرف ایک اوور کی بیٹنگ کے لیے میدان میں اترنا پڑا اور بھارتی بیسٹمینوں نے فاسٹ بولر ہیزل وڈ کے ایک اوور کو احتیاط سے کھیلا۔

اسی بارے میں