موجودہ صورتحال میں پاکستان کے ساتھ کرکٹ سیریز ممکن نہیں: ہنس راج گنگا رام

شائقین تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

انڈیا کی وزارتِ داخلہ نے قومی کرکٹ ٹیم کو پاکستان کے خلاف دبئی میں کرکٹ سیریز کھیلنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔

بورڈ آف کرکٹ کنٹرول انڈیا نے ایک خط کے ذریعے حکومت سے پاکستان کے خلاف سیریز کھیلنے کی اجازت مانگی تھی۔

اس سلسلے میں انڈیا کے وزیرِ مملکت برائے داخلہ ہنس راج اہر گنگا رام نے ایک بیان میں کہا ہے کہ 'اس وقت جو صورت حال ہے اس میں پاکستان کے ساتھ کرکٹ سیریز کھیلنا ممکن نہیں۔'

انڈین اخبار 'انڈین ایکسپریس' میں شائع ہونے والی خبر کے مطابق بی سی سی آئی نے وزارتِ داخلہ سے اس سیریز کی اجازت یہ کہہ کر طلب کی تھی کہ انڈین بورڈ آئی سی سی کے فیوچر ٹوئرز اینڈ پروگرام کے معاہدے کے تحت اپنی ذمہ داری ادا کرنا چاہتا ہے۔

اخبار کا یہ بھی کہنا تھا کہ انڈین ٹیم پاکستان کے خلاف دبئی میں ستمبر سے نومبر کے درمیان کرکٹ سیریز کھیلنے کو تیار تھی۔

تصویر کے کاپی رائٹ Twitter
Image caption ہنس راج اہر گنگا رام نے ایک بیان میں کہا ہے کہ 'اس وقت جو صورت حال ہے اس میں پاکستان کے ساتھ کرکٹ سیریز کھیلنا ممکن نہیں۔'

سنہ 2009 میں لاہور میں سری لنکن کرکٹ ٹیم پر حملے کے نتیجے میں غیر ملکی ٹیموں کے پاکستان آنے سے انکار کے بعد پاکستان اپنی ہوم سیریز متحدہ عرب امارات میں کھیلتا رہا ہے۔

خیال رہے کہ نومبر سنہ 2008 میں ممبئی حملوں کے بعد پاکستان اور انڈیا کے درمیان کرکٹ کے رشتے منقطع ہوئے تھے جن کی بحالی دسمبر سنہ 2012 میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے دورۂ انڈیا سے ہوئی تھی۔

تاہم اس کے بعد تقریباً ساڑھے چار برس کے عرصے میں دونوں ممالک نے کسی دو طرفہ باہمی سیریز میں شرکت نہیں کی ہے۔