پی ایس ایل سپاٹ فکسنگ: خالد لطیف پر فرد جرم عائد

تصویر کے کاپی رائٹ AFP

پاکستان سپر لیگ سکینڈل میں مبینہ طور پر ملوث کرکٹر خالد لطیف پر باقاعدہ فرد جرم عائد کردی گئی ہے۔

خالد لطیف جمعہ کے روز پاکستان کرکٹ بورڈ کے ٹریبونل کے سامنے پیش ہوئے۔ اس موقع پر انہیں بتایا گیا کہ انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے انٹی کرپشن کوڈ کی چھ شقوں کی خلاف ورزی کی ہے۔

خالد لطیف کو 24 مارچ کو ٹریبونل کے سامنے پیش ہونا تھا لیکن وہ پیش نہیں ہوئے تھے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ خالد لطیف کے خلاف شواہد 14 اپریل تک ٹریبونل کے سامنے پیش کردے گا۔

خالد لطیف کو اپنا جواب داخل کرنے کے لیے پانچ مئی تک کی مہلت دی گئی ہے۔ ٹریبونل 19 مئی سے اس کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر شروع کرے گا۔

یاد رہے کہ سپاٹ فکسنگ سکینڈل میں ملوث فاسٹ بولر محمد عرفان کو ایک سال کے لیے معطل کیا جاچکا ہے اور ان پر دس لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے ۔

اس سکینڈل میں ملوث شرجیل خان پر بھی فرد جرم عائد کی جاچکی ہے جبکہ شاہ زیب حسن کو معطل کیا جاچکا ہے۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں