ایسی شاندار کارکردگی کا نہیں سوچا تھا: شاداب خان

تصویر کے کاپی رائٹ AFP

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے نوجوان لیگ سپنر شاداب خان کا کہنا ہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں اچھی کارکردگی ان کے ذہن میں ضرور تھی لیکن وہ ایسی شاندار کارکردگی دکھائیں گے یہ انھوں نے نہیں سوچا تھا۔

یاد رہے کہ شاداب خان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف چار ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز میں سب سے زیادہ دس وکٹیں حاصل کیں۔ وہ پہلے دو میچوں میں مین آف دی میچ قرار دیے جانے کے بعد مین آف دی سیریز بھی رہے۔

شاداب نے اپنے پہلے ہی میچ میں صرف سات رن دے کر ویسٹ انڈیز کے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اسی میچ میں ان کی ایک گیند پر کامران اکمل ایک کیچ پکڑنے میں ناکام رہے اور یوں وہ اپنے پہلے ہی میچ میں چار وکٹیں حاصل نہ کر سکے۔

دوسرے میچ میں انھوں نے چار وکٹیں حاصل کئیں۔

شاداب خان نے پورٹ آف اسپین سے بی بی سی کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ انہوں نے اس دورے کے لیے سخت محنت کی ہے اور کوچز نے انہیں بہت زیادہ حوصلہ دیا ہے۔

شاداب خان مستقبل کے بارے میں پرامید

شاداب خان کا کہنا ہے کہ ان کی گُگلی بہت مشہور ہوگئی ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ وہ دوسری گیندوں پر بھی یکساں محنت کررہے ہیں کیونکہ وہ یہ جانتے ہیں کہ گگلی کے علاوہ دیگر ورائٹی پر بھی عبور رکھ کر وہ زیادہ کامیابیاں حاصل کرسکیں گے۔

شاداب خان نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کھیل کر انہیں بہت کچھ سیکھنے کو ملا کیونکہ پی ایس ایل ایک لحاظ سےانٹرنیشنل کرکٹ ہی تھی اور اس میں بڑے بڑے بیٹسمین کھیل رہے تھے جن کے خلاف بولنگ کرکے ان میں اعتماد آیا جو انٹرنیشنل کرکٹ میں ان کے کام آئے گا۔

واضح رہے کہ شاداب خان نے اسلام آباد یونائٹڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے پاکستان سپر لیگ میں نو وکٹیں حاصل کی تھیں اور یہی کارکردگی پاکستانی ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں ان کی شمولیت کی وجہ بنی اور اب سلیکٹرز اس بات پر غور کررہے ہیں کہ شاداب خان کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں بھی موقع دیا جائے۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں