سری لنکا نے بنگلہ دیش کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی

سری لنکا کرکٹ ٹیم تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

کولمبو میں کھیلے جانے والے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں سری لنکا نے بنگلہ دیش کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر دو میچوں پر مشتمل سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی۔

میزبان ٹیم نے 156 رنز کا مطلوبہ ہدف 19 ویں اوور میں حاصل کر لیا۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

سری لنکا کی جانب سے کوشل پریرا اور اوپل تھرنگا نے اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 65 رنز بنائے۔

کوشل پریرا نے نو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 77 جب کہ اوپل تھرنگا نے چار چوکوں کی مدد سے 24 رنز بنائے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے مشرف مرتضیٰ نے دو اور تسکین احمد نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے پہلے مہمان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 155 رنز بنائے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے مصدیق حسین نے 34 اور محمود اللہ نے 31 رنز بنائے۔

میزبان ٹیم کی جانب سے لستھ ملنگا نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔