ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد سابق کرکٹرز کا یونس خان کو خراج تحسین

یونس تصویر کے کاپی رائٹ AFP

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور ٹیسٹ کرکٹ میں ملک کے لیے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین یونس خان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے بعد کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔

سنیچر کو یونس خان نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے اپنی طرف سے ملک کی بہترین خدمت کرنے کی کوشش کی۔

شکریہ یونس خان

یونس خان واپس آئے اور چھا گئے

یونس خان ٹیسٹ درجہ بندی میں دوسرے نمبر پر

ان کا کہنا تھا کہ ’میں نے اپنے ملک کو آگے لے جانے کی کوشش کی اور اگر اس حوالے سے مجھ سے جو غلطیاں ہوئی ہیں ان کو نظر انداز کریں۔‘

سابق کپتان نے کہا کہ انھوں نے یہ فیصلہ سوچ سمجھ کر کیا ہے اور جس طرح میں اپنے اہل خانہ کے ساتھ آیا ہوں اس کی وجہ بھی یہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ سرفراز احمد کے پاس موقع ہے کہ وہ پاکستان کرکٹ کو آگے لے کر جائے۔ ’میرے خیال میں کسی کے جانے سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ اگر یونس خان نہیں کھیل رہا تو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔‘

یونس خان کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ 2007 میں ویسٹ انڈیز میں باب وولمر کے انتقال کے دو سے تین دن ان کے کریئر کے غمگین ترین اور خراب ترین دن تھے جہاں ٹیم اکیلی ہو گئی تھی اور ٹیم کے کوچ دنیا میں نہیں رہے تھے۔'

تصویر کے کاپی رائٹ AFP

یونس خان کا نام حال ہی میں وزڈن کے سال کے پانچ بہترین کھلاڑیوں میں شامل کیا گیا۔

پاکستان کے لیے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے یونس خان نے 26 فروری سنہ 2000 کو اپنے کیریئر کا پہلا ٹیسٹ سری لنکا کے خلاف راولپنڈی میں کھیلا اور اپنے پہلے ہی میچ کی دوسری اننگز میں ساتویں نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے انھوں نے 107 رنز کی اننگز کھلی تھی۔

یونس خان نے 115 ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں اور 39۔52 کی اوسط سے 9977 رنز بنائے جن میں 34 سیچریاں اور 32 نصف سینچریاں شامل ہیں۔

اس کے علاوہ انھوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں ایک ٹرپل سنچری اور پانچ ڈبل سینچریاں بھی سکور کی ہیں جبکہ دو مرتبہ وہ 190 سے زائد سکور کرنے کے بعد ڈبل سینچری مکمل نہ کر سکے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Twitter

ان کا سب سے زیادہ سکور 313 ہے جو انھوں نے 2009 میں سری لنکا کے خلاف کیا۔ یہ سکور پاکستان کی جانب سے کسی بھی کھلاڑی کا تیسرا سب سے زیادہ سکور ہے۔ پہلے نمبر پر حنیف محمد ہیں 337 رنز کے ساتھ اور دوسرے نمبر پر انضمام الحق 329 رنز کی اننگز کے ساتھ ہیں۔

یونس خان نے پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا جاوید میانداد کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔ انھوں نے انضمام الحق کا سب سے زیادہ 25 سینچریوں کا ریکارڈ بھی توڑا۔

یونس خان اپنے ٹیسٹ کیریئر میں صرف ایک ہی بار 'نروس نائنٹیز' کا شکار ہوئے جب سنہ 2001 میں نیوزی لینڈ کے خلاف آکلینڈ ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 91 رنز بنا کرآؤٹ ہوئے تھے تاہم اسی ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں انھوں نے 149 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters

یونس خان کرکٹ کی تاریخ واحد بیٹسمین ہیں جنھوں نے تمام ٹیسٹ پلئینگ نیشنز سمیت 11 ممالک میں سینچریاں کی ہیں۔

یونس خان نے 13 فروری 2000 کو بین الاقوامی کیرئر کا آغاز کراچی میں سری لنکا کے خلاف ایک روزہ سیریز سے کیا جہاں انھوں نے 46 رنز بنائے تھے۔

یونس خان نے 265 ایک روزہ میچ کھیل کر 7249 رنز بنائے ہیں جن میں سات سینچریاں اور 48 نصف سینچریاں شامل ہیں۔ ایک روزہ کرکٹ میں ان کا بہترین سکور 144 رنز ہے جو انھوں نے کولمبو میں ہانگ کانگ کے خلاف سنہ 2004 میں بنایا تھا۔

یونس خان نے نومبر 2015 میں آسٹریلیا کے خلاف متحدہ عرب امارات میں ایک روزہ سیریز کے دوران ایک روزہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔

یونس خان نے اپنی قیادت میں پاکستان کو 2009 میں ٹی 20 کا عالمی چمپیئن بنایا جو 1992 کے ورلڈکپ میں فتح کے بعد پاکستان کرکٹ کا سب سے بڑا اعزاز تھا۔

اس کے بعد انھوں نے ٹی 20 کرکٹ سے کنارہ کشی کا اعلان کیا تھا۔

تصویر کے کاپی رائٹ Twitter

یونس خان کی ریٹائرمنٹ کے اعلان پر سابق کرکٹرز کی جانب سے بھی انھیں خراج تحسین پیش کیا جارہا ہے۔ سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے ٹوئٹر پر کہا کہ یونس خان کی پاکستان کرکٹ کے لیے ایمانداری اور بے لوث خدمات کے عوض ان کو 'یونیک خان' کا نام دیا جانا چاہیے۔

شاہد آفریدی نے اپنے پیغام میں کہا کہ یونس خان 'عظیم ترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔ ایسے فخر کے ساتھ ملک کی نمائندگی کرنے پر یونس خان کا شکریہ۔'

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں