کنگسٹن ٹیسٹ: ویسٹ انڈیز کے 7 وکٹوں کے نقصان پر 244 رنز، عامر کی 3 وکٹیں

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption محمد عباس اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیل رہے ہیں

کنگسٹن میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس نے پہلے دن کے اختتام پر سات وکٹوں پر 244 رنز بنائے۔

پہلے دن کے اختتام پر ویسٹ انڈیز کے بشو اور ہولڈر کریز پر موجود تھے اور دونوں کے درمیان 55 رنز کی شراکت داری ہو چکی تھی۔

پاکستان کی جانب سے محمد عامر نے تین، یاسر شاہ نے دو جبکہ محمد عباس اور وہاب ریاض نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

کنگسٹن ٹیسٹ کا پہلا دن

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کا پچاسواں ٹیسٹ

ویلڈنگ اور چمڑے کی فیکٹری سے ویسٹ انڈیز تک

اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو کریگ بریتھویٹ اور کائرن پاول نے اننگز کا آغاز کیا۔

اپنا پہلا میچ کھیلنے والے نوجوان محمد عباس نے پاکستان کو اپنے پہلے ہی اوور میں کریگ بریتھویٹ کی وکٹ دلا دی۔

اس کے بعد ہیٹمر اور ہوپ بلترتیب 11 اور دو رنز بنا کر محمد عامر کے ہاتھوں کلین بولڈ ہوگئے۔ وہاب ریاض نے اپنا پہلا میچ کھیلنے والے وشال سنگھ کو نو کے انفرادی سکور پر آؤٹ کیا۔

اس کے بعد 71 کے مجموعی سکور پر پاول 33 رنز پر عامر کا تیسرا شکار بنے۔

بعد میں چیز اور ڈورچ کے درمیان 118 رنز کی شراکت داری کا اختتام چیز کے یاسر شاہ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہونے کی صورت میں ہوا۔ وہاب ریاض نے باؤنڈری کے قریب چیز کا شاندار کیچ پکڑا۔

اگلی ہی گیند پر یاسر شاہ نے ڈورچ کو کلین بولڈ کر دیا تاہم یاسر شاہ اپنی ہیٹ ٹرک مکمل نہیں کر سکے۔

یاد رہے کہ پاکستان کے دو سینیئر کھلاڑی مصباح الحق اور یونس خان پہلے ہی اعلان کر چکے ہیں کہ یہ ان کی آخری سیریز ہے۔

حالیہ دورے کے دوران پاکستان میزبان ٹیم کو ون ڈے اور ایک روزہ میچوں کی سیریز میں تو شکست دے چکا ہے۔

اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 16 ٹیسٹ سیریز میں 49 کرکٹ ٹیسٹ میچ کھیلے جا چکے ہیں۔

دونوں ٹیمیں اب تک پانچ، پانچ ٹیسٹ سیریز میں کامیابی حاصل کر چکی ہیں جبکہ چھ سیریز برابر رہی ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption مصباح اور یونس اپنی آخری ٹیسٹ سیریز کھیل رہے ہیں

پاکستان ویسٹ انڈیز کے خلاف اب تک 18 ٹیسٹ میچ جیت چکا ہے کہ جبکہ ویسٹ انڈیز کو 16 ٹیسٹ میچوں میں کامیابی حاصل ہو چکی ہے۔

واضح رہے کہ آج تک پاکستان ویسٹ انڈیز کو اس کی ہوم سیریز میں شکست نہیں دے پایا ہے۔

پاکستان: مصباح الحق (کپتان)، اظہرعلی، احمد شہزاد، بابراعظم، یونس خان، اسد شفیق، سرفراز احمد، یاسر شاہ، وہاب ریاض، محمد عامر اور محمد عباس۔

ویسٹ انڈیز: جیسن ہولڈر، دیوندرا بشو، کریگ بریتھویٹ، راسٹن چیز، میگوئل کمنز، شین ڈورچ، شینن گیبریئل، شیمرون ہیٹمر، شئے ہوپ، الزاری جوذف، کائرن پاؤل، وشویل سنگھ۔

اسی بارے میں