کنگسٹن ٹیسٹ: یاسر شاہ کا جادو چل گیا، ویسٹ انڈین بیٹنگ مشکلات کا شکار

یاسر تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption ویسٹ انڈین بیٹسمین یاسر شاہ کے سامنے بے بس دکھائی دیے

کنگسٹن میں ویسٹ انڈیز اور پاکستان کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ کے چوتھے روز کے کھیل کے اختتام تک ویسٹ انڈیز کی دوسری اننگز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 93 رنز بنائے ہیں۔

ویسٹ انڈیز کو پاکستان کی پہلی اننگز کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 28 رنز درکار ہیں جبکہ اس کی چھ وکٹیں باقی ہیں۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

کنگسٹن ٹیسٹ کے چوتھے روز کا کھیل

چوتھے روز جب کھیل ختم کرنے کا اعلان کیا گیا تو دونوں بیٹسمین وشول سنگھ اور بشو بغیر کوئی رنز بنائے کریز پر موجود تھے۔

دوسری اننگز میں ویسٹ انڈیز کی پہلی وکٹ 22 کے سکور پر گری جب یاسر شاہ نے بریتھ ویٹ کو بولڈ کردیا، انھوں نے 14 رنز بنائے۔

ویسٹ انڈیز کو دوسرا نقصان 72 کے مجموعی سکور پر اٹھانا پڑا جب یاسر شاہ نے ہیٹمئر کو 20 کے انفرادی سکور پر بولڈ کر دیا۔

ہوپ نے چھ رنز بنائے اور یاسر شاہ نے انھیں ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا جبکہ پوویل 49 رنز بنا کر یاسر شاہ کی چوتھی وکٹ بنے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption ویسٹ انڈیز کی پہلی وکٹ 22 کے سکور پر گری جب یاسر شاہ نے بریتھ ویٹ کو بولڈ کردیا

اس سے قبل ویسٹ انڈیز کی پہلی اننگز کے سکور 286 رنز کے جواب میں پاکستان کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 407 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی اور اس طرح پاکستان کو 121 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔

آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی محمد عباس تھے جنھیں چیز نے ایل بی ڈبلیو کر دیا اور اس طرح مصباح الحق صرف ایک رنز کی کمی کے ساتھ اپنی سینچری مکمل نہ کر سکے اور 99 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

انھوں نے محمد عباس کے ساتھ آخری وکٹ کی شراکت میں سکور میں 30 رنز کا اضافہ کیا تھا۔

مصباح الحق نے اپنا 73 واں ٹیسٹ میچ کھیلتے ہوئے اپنے کیریئر کے 5000 رنز مکمل کیے ہیں اور وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے ساتویں پاکستانی بلے باز ہیں۔

ویسٹ انڈیز کی پہلی اننگز 286 رنز کے جواب میں مصباح الحق اور اسد شفیق نے چوتھے روز پہلی اننگز کا 201 رنز چار کھلاڑی آؤٹ سے آغاز کیا تو اسد شفیق جلد ہی 22 رنز بنا کر گیبریئل کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption مصباح الحق نے اپنا 73 ٹیسٹ میچ کھیلتے ہوئے اپنے کیریئر کے 5000 رنز مکمل کیے ہیں

جس کے بعد مصباح الحق نے سرفراز احمد کے ساتھ چھٹی وکٹ کی شراکت میں 88 رنز بنائے۔

سرفراز احمد کو 54 کے انفرادی سکور پر بشو نے بولڈ کیا جبکہ محمد عامر 11 رنز بنا کر جوزف کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے۔

وہاب ریاض نو رنز بنا کر جوزف کا تیسرا شکار بنے جبکہ یاسر شاہ آٹھ رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔

پہلی اننگز میں ویسٹ انڈیز کی جانب سے گیبریئل اور جوزف نے تین، تین جبکہ ہولڈر، بشو اور چیز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

میچ کے دوسرے اور تیسرے روز بارش اور میدان گیلا ہونے کی باعث ضائع شدہ وقت کی تلافی کے لیے میچ مقررہ وقت سے آدھا گھنٹہ پہلے شروع کیا گیا تھا۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption ویسٹ انڈیز کی جانب سے گیبریئل اور جوزف نے تین، تین جبکہ ہولڈر، بشو اور چیز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں