یونس خان ٹیسٹ کرکٹ میں 10 ہزار رنز بنانے والے پہلے پاکستانی بن گئے

یونس تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

پاکستان کے تجربہ کار بلے باز یونس خان نے ٹیسٹ کرکٹ میں دس ہزار رنز مکمل کر لیے ہیں اور وہ یہ سنگِ میل عبور کرنے والے پہلے پاکستانی بن گئے ہیں۔

39 سالہ یونس خان ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں 13 ویں کھلاڑی ہیں جنھوں نے دس ہزار رنز بنائے ہیں۔

’یونس نے ہمیشہ اپنے کھیل کی عزت کی‘

مصباح اور یونس وزڈن کے پانچ بہترین کرکٹرز میں شامل

یونس خان نے یہ کارنامہ اپنے کریئر کی آخری سیریز میں ویسٹ انڈیز کے خلاف سرانجام دیا۔

اتوار کو جب یونس میدان میں اترے تو انھیں 10 ہزار رنز مکمل کرنے کے لیے صرف 23 رنز درکار تھے تاہم انھوں نے محتاط بیٹنگ کی اور 84 گیندوں میں یہ 23 رنز مکمل کیے۔

یونس خان نے ایک ویڈیو پیغام میں اس کامیابی کو ’فیملی، والدین اور باب وولمر کے نام‘ کیا ہے۔ پیغام میں انھوں نے کہا ’یہ صرف میری نہیں پورے پاکستان کی کامیابی ہے۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

پاکستان کے لیے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے یونس خان نے 26 فروری سنہ 2000 کو اپنے کیریئر کا پہلا ٹیسٹ سری لنکا کے خلاف راولپنڈی میں کھیلا اور اپنے پہلے ہی میچ کی دوسری اننگز میں ساتویں نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے انھوں نے 107 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

اس کے علاوہ انھوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں ایک ٹرپل سنچری اور پانچ ڈبل سینچریاں بھی سکور کی ہیں جبکہ دو مرتبہ وہ 190 سے زائد سکور کرنے کے بعد ڈبل سینچری مکمل نہ کر سکے۔

ان کا سب سے زیادہ سکور 313 ہے جو انھوں نے 2009 میں سری لنکا کے خلاف کیا۔ یہ سکور پاکستان کی جانب سے کسی بھی کھلاڑی کا تیسرا سب سے زیادہ سکور ہے۔ پہلے نمبر پر حنیف محمد ہیں 337 رنز کے ساتھ اور دوسرے نمبر پر انضمام الحق 329 رنز کی اننگز کے ساتھ ہیں۔

یونس خان نے پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا جاوید میانداد کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔ انھوں نے انضمام الحق کا سب سے زیادہ 25 سینچریوں کا ریکارڈ بھی توڑا۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP

یونس خان اپنے ٹیسٹ کیریئر میں صرف ایک ہی بار 'نروس نائنٹیز' کا شکار ہوئے جب سنہ 2001 میں نیوزی لینڈ کے خلاف آکلینڈ ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 91 رنز بنا کرآؤٹ ہوئے تھے تاہم اسی ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں انھوں نے 149 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔

یونس خان کرکٹ کی تاریخ کے واحد بیٹسمین ہیں جنھوں نے تمام ٹیسٹ پلیئنگ نیشنز سمیت 11 ممالک میں سینچریاں کی ہیں۔

یونس خان نے 13 فروری 2000 کو بین الاقوامی کریئر کا آغاز کراچی میں سری لنکا کے خلاف ایک روزہ سیریز سے کیا جہاں انھوں نے 46 رنز بنائے تھے۔

یونس خان نے 265 ایک روزہ میچ کھیل کر 7249 رنز بنائے ہیں جن میں سات سینچریاں اور 48 نصف سینچریاں شامل ہیں۔ ایک روزہ کرکٹ میں ان کا بہترین سکور 144 رنز ہے جو انھوں نے کولمبو میں ہانگ کانگ کے خلاف سنہ 2004 میں بنایا تھا۔

یونس خان نے نومبر 2015 میں آسٹریلیا کے خلاف متحدہ عرب امارات میں ایک روزہ سیریز کے دوران ایک روزہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP

یونس خان نے اپنی قیادت میں پاکستان کو 2009 میں ٹی 20 کا عالمی چمپیئن بنایا جو 1992 کے ورلڈکپ میں فتح کے بعد پاکستان کرکٹ کا سب سے بڑا اعزاز تھا۔

اس کے بعد انھوں نے ٹی 20 کرکٹ سے کنارہ کشی کا اعلان کیا تھا۔

یونس خان کی ریٹائرمنٹ کے اعلان پر سابق کرکٹرز کی جانب سے بھی انھیں خراج تحسین پیش کیا جارہا ہے۔ سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے ٹوئٹر پر کہا کہ یونس خان کی پاکستان کرکٹ کے لیے ایمانداری اور بے لوث خدمات کے عوض ان کو 'یونیک خان' کا نام دیا جانا چاہیے۔

شاہد آفریدی نے اپنے پیغام میں کہا کہ یونس خان 'عظیم ترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔ ایسے فخر کے ساتھ ملک کی نمائندگی کرنے پر یونس خان کا شکریہ۔'

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں