دوسرا ٹیسٹ: ویسٹ انڈیز کی ٹیم 312 رنز بنا کر آؤٹ

کرکٹ تصویر کے کاپی رائٹ AFP

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان بارباڈوس میں دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے دن کے کھیل کے آغاز کے ایک گھنٹے میں ہی پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے پوری ٹیم کو 312 رنز پر آؤٹ کر دیا۔ دوسرا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے محمد عباس نے چار کھلاڑیوں کا شکار کیا۔

پاکستان کی جانب سے اظہر علی اور احمد ہشزاد کریز پر موجود ہیں۔

بریج ٹاؤن: ویسٹ انڈیز کے چھ وکٹوں کے نقصان پر 286 رنز

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

کیا مصباح 65 سالہ ریکارڈ توڑ پائیں گے؟

اس سے قبل دن کے آغاز پر کنسنگٹن اوول کے میدان پر پہلے اوور میں ہی محمد عباس نے پہلے کپتان جیسن ہولڈر کو شکار بنایا جو کہ 58 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے اور اگلے اوور میں محمد عامر نے بھی سنچری بنانے والے راسٹن چیز کو پیولین واپس بھیج کر اپنی تیسری وکٹ حاصل کی۔ چیز نے 131 رنز بنائے۔

دیوندرا بشو کی مزاحمت زیادہ دیر قائم نہ رہ سکی اور محمد عباس نے 14 رنز پر ان کو آؤٹ کر دیا جب ویسٹ انڈیز کا مجموعی سکور 312 رنز تھا۔

آخری آؤٹ ہونے والے الزاری جوزف تھے جن کو یاسر شاہ نے آؤٹ کیا۔

گذشتہ روز دن کے اختتام تک ویسٹ انڈیز نے چھ وکٹوں کے نقصان پر 286 رنز بنائے تھے۔ راسٹن چیز اپنی سنچری مکمل کر چکے تھے اور دوسرے اینڈ پر ٹیم کے کپتان جیسن ہولڈر ان کا ساتھ دے رہے تھے جنھوں نے اپنی نصف سنچری بھی مکمل کر لی تھی۔

پاکستان کے نوجوان سپنر شاداب خان نے شین ڈورچ کو آؤٹ کر کے اپنے کریئر کی پہلی وکٹ حاصل کی تھی۔ محمد عامر نے تین وکٹ لیے جبکہ یاسر شاہ نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

پہلے دن ویسٹ انڈیز کے کپتان جیسن ہولڈر نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption ویسٹ انڈیز کے سنچری بنانے والے راسٹن چیز

پاکستان کی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی اور فاسٹ بولر وہاب ریاض کی جگہ نوجوان لیگ سپنر شاداب خان کو ان کے کریئر کا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے کا موقع ملا۔

شاداب خان کو ٹیسٹ کیپ ٹیم کے سینیئر کھلاڑی یونس خان نے دی جنھوں نے پچھلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی جانب سے دس ہزار رنز بنانے والے پہلے کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

یہ ٹیسٹ سیریز پاکستان کے کپتان مصباح الحق اور یونس خان کے کیرئیر کی آخری سیریز ہے۔

پاکستان کو سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے اور اگر پاکستان اس میچ میں کامیابی حاصل کر لیتا ہے تو تاریخ میں پہلی دفعہ وہ ویسٹ انڈیز کی سرزمین پر کسی ٹیسٹ سیریز میں فتح یاب ہوں گے۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں