ماریہ طورپکے انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی میں شامل

تصویر کے کاپی رائٹ WORLD SQUASH FEDERATION
Image caption حالیہ برسوں میں انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے مختلف فورم میں خواتین کی نمائندگی میں غیرمعمولی اضافہ ہوا ہے

پاکستان کی سکواش کھلاڑی ماریہ طورپکے کو انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے خواتین سے متعلق اپنے سپورٹس کمیشن میں شامل کرلیا ہے۔

وہ پاکستان کی پہلی خاتون کھلاڑی ہیں جو انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے کسی کمیشن میں شامل ہوئی ہیں۔

حالیہ برسوں میں انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے مختلف فورم میں خواتین کی نمائندگی میں غیرمعمولی اضافہ ہوا ہے اور ماریہ طورپکے کی یہ تقرری بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی معلوم ہوتی ہے۔

سکواش کی عالمی تنظیم کا کہنا ہے کہ ماریہ طورپکے کا تجربہ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے لیے کارآمد ثابت ہوگا۔

ماریہ طورپکے کا کہنا ہے کہ وہ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کا حصہ بننے پر بہت زیادہ خوش ہیں اور وہ خواتین کھلاڑیوں اور ایتھلیٹس کے حقوق کے لیے زیادہ بہتر انداز میں اپنی آواز بلند کرسکتی ہیں۔

ماریہ طورپکے کا کہنا ہے کہ وہ چاہتی ہیں کہ کھیلوں میں خواتین اور مرد دونوں کو یکساں مواقع ملیں اور انہیں محفوظ ماحول میسر آسکے۔

ماریہ کا شمار پاکستان کی صف اول کھلاڑیوں میں ہوتا ہے لیکن پاکستان میں سکواش کھیلنے پر دھمکیوں کے بعد وہ کینیڈا منتقل ہوگئی تھیں جہاں انھوں نے سابق عالمی نمبر ایک جوناتھن پاور کی نگرانی میں ٹریننگ حاصل کی اور متعدد بین الاقوامی ٹورنامنٹس جیتے۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں