چیمپیئنز ٹرافی: حارث سہیل عمر اکمل کی جگہ پاکستانی سکواڈ میں شامل

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption حارث سہیل 22 ون ڈے اور چار ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں

پاکستان کرکٹ بورڈ نے حارث سہیل کو عمر اکمل کی جگہ چیمپیئنز ٹرافی کے لیے پاکستانی سکواڈ میں شامل کرنے کا اعلان کیا ہے۔

بورڈ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ لاہور میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے ٹرینر کی رپورٹ پر کیا گیا جنھوں نے منگل کو حارث سہیل کے علاوہ عمر امین اور آصف ذاکر کے بھی فٹنس ٹیسٹ لیے تھے۔

٭عمر اکمل آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے باہر

بیان کے مطابق عمر اکمل کو فٹنس ٹیسٹ میں ناکامی کے بعد وطن واپس آنے کے لیے کہہ دیا گیا ہے۔

عمر اکمل چیمپیئنز ٹرافی سے قبل برمنگھم میں پاکستانی ٹیم کے کیمپ کے دوران دو دن میں لیے گئے دو فٹنس ٹیسٹ پاس کرنے میں ناکام رہے ہیں جس کے بعد انھیں وطن واپس بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا۔

ان کی جگہ لینے کے لیے قومی سلیکشن کمیٹی نے ان تینوں کھلاڑیوں کو فٹنس ٹیسٹ کے لیے طلب کیا تھا۔

آئی سی سی کے قواعد وضوابط کے مطابق ٹورنامنٹ میں شریک ٹیموں کو 25 مئی تک اپنے سکواڈ میں ردوبدل کی اجازت ہے۔

نامہ نگار عبدالرشید شکور کے مطابق حارث سہیل 22 ون ڈے اور چار ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں لیکن فٹنس مسائل سے دوچار ہونے کی وجہ سے وہ مئی 2015 کے بعد سےانٹرنیشنل کرکٹ نہیں کھیل سکے ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption عمر اکمل چیمپیئنز ٹرافی سے قبل برمنگھم میں پاکستانی ٹیم کے کیمپ کے دوران لیے گئے فٹنس ٹیسٹ پاس کرنے میں ناکام رہے تھے

حال ہی میں راولپنڈی میں منعقدہ پاکستان کپ میں انھوں نے ایک سنچری اور دو نصف سنچریاں سکور کی تھیں۔

آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کا آغاز یکم جون کو ہوگا اور پاکستانی ٹیم اپنا پہلا میچ چار جون کو بھارت کے خلاف ایجبسٹن میں کھیلے گی۔

چیمپئنز ٹرافی سے قبل ٹیمیں وارم اپ میچ بھی کھیل ر ہی ہیں۔

پاکستانی ٹیم بدھ کو بنگلہ دیش کے خلاف پہلا وارم اپ میچ کھیلے گی جبکہ اس کا دوسرا وارم اپ میچ 27 مئی کو آسٹریلیا کے خلاف ہوگا۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں