پاکستان اور افغانستان کے درمیان کرکٹ سیریز زیرغور

کرکٹ تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق پاکستان اور افغانستان کے مابین دوطرفہ سیریز اور دو ٹی 20 دوستانہ میچوں کی سیریز کے انعقاد پر غور کیا جا رہا ہے۔

پی سی بی کی جانب سے سنیچر کو جاری کردہ ایک بیان کے مطابق افغانستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شکراللہ عاطف مشال نے چیئرمین پی سی بی شہریار خان اور چیئرمین ایگزیکٹیو کمیٹی پی سی بی نجم سیٹھی سے لاہور میں ملاقات کی اور دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈز کے درمیان مستقبل میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

افغانستان لگاتار سب سے زیادہ ٹی 20 میچ جیتنے والی ٹیم

یونس خان افغان کرکٹ ٹیم کی کوچنگ پر ’رضامند‘

بیان کے مطابق پی سی بی اور اے سی بی نے مستقبل قریب میں دونوں ٹیموں کے درمیان دو دوستانہ ٹی 20 میچز کروانے پر اتفاق کیا جن میں ایک پاکستان اور ایک افغانستان میں کھیلا جائے گا جبکہ دونوں ممالک کی قومی ٹیموں کے مابین دو طرفہ سیریز کے انعقاد پر بھی غور کیا گیا۔

اس کے علاوہ افغان کرکٹ بورڈ انڈر 19 ٹیم کا کراچی میں تربیتی کیمپ اور دونوں ممالک کی انڈر 19 ٹیموں کے درمیان دو طرفہ سیریز کا انعقاد شامل ہے۔

مستقبل میں دونوں ممالک کی 'اے' ٹیموں اور انڈر16 ٹیموں کے درمیان سیریز پر بھی اتفاق کیا گیا۔

بیان کے مطابق پی سی بی افغان کرکٹ بورڈ کے لیے پاکستان میں سٹیڈیم کی فراہمی کے حوالے سے بھی کام کرے گا جسے وہ 'ہوم گراؤنڈ' کے طور پر استعمال کر سکیں گے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP

چیئرمین اے سی بی شکراللہ عاطف مشعل کا کہنا تھا کہ کھیل کو سیاست کی نذر نہیں ہونا چاہیے بالخصوص کرکٹ کو سیاست سے دور رکھا جائے۔ انھوں نے کہا کہ کھیلوں کو تعلقات کی بہتری کے لیے استعمال کرنا چاہیے اور اسی مقصد کو حاصل کرنے کے لیے دونوں ممالک کی ٹیمیں امن کا پیغام لے کر ایک دوسرے کے ملک کا دورہ کریں گی۔

 چیئرمین شہریار خان کا کہنا تھا پی سی بی نے ماضی میں بھی افغان کرکٹ کی ترقی کے لیے مدد فراہم کی ہے اور وہ اے سی بی کو افغان کرکٹ کی شہرت اور کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں