پاکستان آسٹریلیا وارم اپ میچ، بارش کی نذر

کرکٹ تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption پاکستان اور آسٹریلیا کو چیمپیئنز ٹرافی 2017 میں الگ الگ گروپوں میں رکھا گیا ہے۔

اانگلینڈ اور ویلز میں کھیلی جانے والی آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے آغاز سے قبل اپنے آخری وارم اپ میچ میں آج پاکستان کی ٹیم آسٹریلیا کے مدِمقابل تھی تاہم میچ بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا۔

میچ منسوخ ہونے سے قبل آسٹریلیا نے 10.2 اووروں میں ایک وکٹ کے نقصان پر 57 رنز بنائے تھے۔ ائرن فنچ نے 36 جبکہ کپتان سٹیون سمتھ نے آٹھ رنز بنائے۔

اس سے قبل آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر نو گیندوں پر 11 رنز بنا کر محمد عامر کی گیند پر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے۔

برمنگھم میں بارش کی وجہ سے تاخیر سے شروع ہونے والے اس میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا تھا۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کی دو وکٹوں سے فتح

یاد رہے کہ وارم اپ میچ ہونے کی وجہ سے یہ میچ پندرہ کھلاڑی فی ٹیم کے قوانین کے مطابق کھیلا جانا تھا۔ ان کے تحت بلے بازی اور ایک وقت میں فیلڈنگ گیارہ کھلاڑی ہی کریں گے مگر بلے بازی اور فیلڈنگ کرنے والے کھلاڑی مختلف ہو سکتے ہیں۔ کل کھلاڑیوں کی تعداد 15 سے زیادہ نہیں ہو سکتی۔

پاکستان نے اپنے پہلے وارم اپ میچ میں بنگلہ دیش کو ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد دو وکٹوں سے شکست دی تھی۔

اس ہائی سکورنگ میچ میں فتح کا سہرا نوجوان آل راؤنڈر فہیم اشرف کے سر رہا تھا جنھوں نے اس میچ میں نہ صرف 30 گیندوں پر 64 رنز بنائے تھے بلکہ حسن علی کے ساتھ مل کر نویں وکٹ کے لیے 93 رنز کی ناقابلِ شکست شراکت قائم کی تھی۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ فہیم نے آج تک کسی بھی انٹرنیشنل میچ میں پاکستان کی نمائندگی نہیں کی ہے۔

آسٹریلیا نے بھی اپنے پہلے ورام اپ میچ میں سری لنکا کی ٹیم کو دو وکٹوں سے ہرایا تھا۔

خیال رہے کہ چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستان اپنا پہلا میچ روایتی حریف انڈیا کے خلاف چار جون کو کھیلے گا جبکہ آسٹریلیا کی ٹیم کا مقابلہ پہلے میچ میں دو جون کو نیوزی لینڈ سے ہوگا۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں