ریال میڈرڈ نے ریکارڈ 12 ویں بار چیمپیئنز لیگ جیت لی

ریال میڈرڈ تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption ریال میڈرڈ نے گذشتہ چار سال میں تیسری باری چیمپئنز ليگ کی خطاب اپنے نام کیا ہے

پرتگال کے سٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کے دو گول کی بدولت ریال میڈرڈ کی ٹیم نے چیمپیئنز لیگ کے اپنے ٹائٹل کا کامیابی کے ساتھ دفاع کیا ہے۔

ریال میڈرڈ نے کارڈف میں کھیلے جانے والے فائنل میں جووینٹس کو ایک کے مقابلے چار گول سے شکست دے کر 12ویں بار اس کپ پر قبضہ کیا ہے جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ چار سیزن میں تیسری بار ریئل میڈرڈ نے چیمپیئنز ليگ کو اپنے نام کیا ہے اور رونالڈو نے ریکارڈ تین بار فائنل میں گول کرکے اپنی ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کیا ہے۔

٭ مانچیسٹر یونائیٹڈ سب سے ’قیمتی فٹبال کلب‘

٭ دنیا کے سب سے مہنگے فٹبالر مکہ میں

ریال میڈرڈ کے کوچ اور فرانس کے سٹار کھلاڑی زین الدین زیڈین کے سر اب یکے بعد دیگرے دو فائنلز جیتنے کا سہرا ہے۔ اس سے قبل انھوں نے اپنی نئی ٹیم کو لا ليگا میں فتح سے ہمکنار کرانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption کرسٹیانو رونالڈو نے تین بار فائنل میں گول کرنے کا ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے

زیڈین نے ریال میڈرڈ کے کوچ کی ذمہ داری گذشتہ سال جنوری میں لی تھی۔

رونالڈو کے نام اب چیمپیئنز لیگ کے 140 میچز میں 105 گول کرنے کا ریکارڈ ہے اور ان میں سے 12 گول تو انھوں نے رواں سال کے 13 میچوں میں کیے ہیں۔

میچ کے پہلے نصف میں رونالڈو نے گول کرکے ریال میڈرڈ کو سبقت دلا دی لیکن 27 ویں منٹ میں جووینٹس کے مانڈزوکک نے گول کرکے سکور برابر کر دیا۔

لیکن دوسرے نصف میں ریال میڈرڈ تقریبا ناقابل تسخیر نظر آئی اور جووینٹس اسے روکنے میں ناکام نظر آئی۔ جووینٹس کو کھیل کے آخری مرحلے میں اس وقت مزید نقصان اٹھانا پڑا جب ان کے کھلاڑی کواڈریڈو کو دوبار یلو کارڈ ملنے کی وجہ سے میدان سے باہر جانا پڑا۔

ریال کی جانب سے 61 ویں منٹ میں کیسمیرو نے دوسرا گول کیا جبکہ اس کے تین منٹ بعد ہی رونالڈو نے اپنا دوسرا گول کرکے ریال کی سبقت ایک کے مقابلے تین کر دی اور ریال کی فتح کو تقریبا یقینی بنا دیا۔ پھر کھیل کے آخری لمحات یعنی 90 ویں منٹ میں اسینسیؤ نے چوتھا گول کرکے جیت کے فرق میں مزید اضافہ کر دیا۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں