چیمپیئنز ٹرافی: انڈیا کے ہاتھوں پاکستان کو 124 رنز سے شکست

کرکٹ تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

انگلینڈ اور ویلز میں جاری آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے چوتھے میچ میں روایتی حریف انڈیا نے پاکستان کو 124 رنز سے شکست دے دی ہے۔

میچ جیتنے کے لیے پاکستان کو 41 اووروں میں 289 رنز کا ہدف ملا۔ یہ ہدف بار بار بارش کے باعث کھیل کے متاثر ہونے کی وجہ سے دیا گیا۔ تاہم پاکستان کی پوری ٹیم 164 رنز ہی بنا پائی۔

اس سے قبل انڈیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 48 اووروں میں 319 رنز بنائے تھے جس کے بعد ڈک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت پاکستان کو 324 رنز کا ہدف دیا تھا۔

٭ میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

٭ ایجبسٹن میں میدان سج گیا، شائقینِ کرکٹ کا جوش

٭ ’پاکستان کے پاس چیمپیئنز ٹرافی میں ہارنے کو کچھ نہیں‘

پاکستان کی پوری بیٹنگ لائن میں اوپنر اظہر علی کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی نصف سینچری تک نہیں پہنچ سکا۔

شاداب خان 14 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جبکہ وہاب ریاض انجری کی وجہ سے کھیل نہیں پائے اور یوں نویں وکٹ گرتے ہی پاکستان اور انڈیا کے میچ کا فیصلہ ہو گیا۔

حسن علی کوئی بھی رن نہ بنا پائے جبکہ محمد عامر نے نو رنز بنائے۔

محمد حفیظ 33 رنز کی اننگز کھیل کر جدیجا کا شکار بنے جبکہ عماد وسیم بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

شعیب ملک جنھوں نے اپنی اننگز کا جارحانہ انداز میں آغاز کیا اور نو گیندوں پر 15 رنز کی اننگز کھیلی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے اور جدیجا کی تھرو پر رن آؤٹ ہوگئے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

اظہر علی اپنی نصف سنچری سکور کرنے کے فوراً بعد جدیجا کی گیند پر یچ آؤٹ ہوگئے۔ انھوں نے چھ چوکوں کی مدد سے 50 رنز کی اننگز کھیلی۔

پاکستان کے پہلے آؤٹ ہونے والے بلے باز احمد شہزاد تھے جو 12 رنز بنا کر بھونیشور کمار کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔

دوسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز بابر اعظم تھے جو باہر جاتی ہوئی گیند پر کٹ شاٹ لگاتے ہوئے کیچ دے بیٹھے۔ انھیں آٹھ کے انفرادی سکور پر اومیش یادوو نے آؤٹ کیا۔

اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر انڈیا کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تو شکھر دھون، روہت شرما، ویراٹ کوہلی اور یوراج سنگھ نے انتہائی عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو ایک بڑا سکور کرنے میں مدد دی۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption کپتان ویراٹ کوہلی نے بھی شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 81 رنز کی ناقبل شکست اننگز کھیلی۔

روہت شرما 91 اور شکھر دھون 68، اور یوراج سنگھ جارحانہ 53 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

کپتان ویراٹ کوہلی نے بھی شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 81 رنز کی ناقبل شکست اننگز کھیلی۔

آخر میں بیٹنگ کے لیے آنے والے ہردک پانڈیا نے عماد وسیم کی جانب سے کروائے جانے والے آخری اوور کی لگاتا تین گیندوں پر تین چھکے لگائے اور چھ گیندوں پر 20 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے شاداب خان اور حسن علی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption روہت شرما 91 رنز بنا کر بابر اعظم کے ہاتھوں رن آؤٹ ہوئے۔

وہاب ریاض پاکستان کے سب سے مہنگے بولر رہے۔ انھوں نے آٹھ عشاریہ چار اووروں میں 87 رنز دیے۔

یہ ٹورنامنٹ میں دونوں ہی ٹیموں کا پہلا میچ ہے۔ میچ شروع ہونے سے قبل گذشتہ روز لندن برج واقعے میں ہلاک ہونے والے افراد کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔

ماضی میں انڈیا اور پاکستان آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی میں تین بار آمنے سامنے آ چکے ہیں۔ ان میں سے دو بار پاکستان اور ایک بار انڈیا کو فتح ملی۔

اتوار کے میچ سے پہلے انڈین کپتان وراٹ کوہلی نے کہا ہے کہ یہ میچ ان کے لیے دوسرے میچز کی طرح ہی ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption نوجوان لیگ سپنر شاداب خان نے پاکستان کو پہلی کامیابی دلائی

دوسری طرف پاکستان کے کپتان سرفراز احمد کہتے ہیں: پاکستان اور انڈیا مقابلہ ہمیشہ دلچسپ ہوتا ہے۔ عوام کے علاوہ کھلاڑیوں میں بھی جوش دکھائی دیتا ہے۔ ٹیم نے چار پانچ دن مشق کی ہے اور میدان پر سو فیصد کارکردگی دکھانے کی کوشش کرے گی۔

اپ کی ڈیوائس پر پلے بیک سپورٹ دستیاب نہیں
ایجبیسٹن کے میدان کے باہر میں شائقین کرکٹ کا جشن

پاکستان ٹیم : اظہر علی، احمد شہزاد، بابر اعظم، شعیب ملک، محمد حفیظ، سرفراز احمد، شاداب خان، عماد وسیم، حسن علی، وہاب ریاض، محمد عامر۔

جبکہ انڈیا کی ٹیم ویراٹ کوہلی، روہت شرما، شکھر دھون، یوراج سنگھ، مہندر سنگھ دھونی، کیدار جھادو، ہردک پانڈیا، رویندرا جدیجہ، بھونیشور کمار، اومیش یادوو، جسپریت بمراہ۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں