مرلی دھرن آئی سی سی ہال آف فیم میں شامل

تصویر کے کاپی رائٹ Christopher Lee-IDI

ٹیسٹ کرکٹ کے کامیاب ترین گیند باز مرلی دھرن کو جمعرات کے روز آئی سی سی کے ہال آف فیم میں شامل کر لیا گیا ہے۔

جمعرات کو سری لنکا اور انڈیا کے درمیان آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے میچ کی اننگز بریک کے دوران لندن میں ایک تقریب میں مرلی دھرن کو یہ اعزاز دیا گیا۔

مرلی دھرن ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کے وہ واحد گیند باز ہیں جنھوں نے 800 وکٹیں حاصل کیں۔

یہی نہیں، مرلی دھرن ایک روزہ میچوں میں بھی کامیاب ترین بولر تھے اور انھوں نے ون ڈے کرکٹ میں 534 وکٹیں لیں۔

مرلی دھرن سری لنکا کی جانب سے پہلے کرکٹر ہیں جنھیں آئی سی سی ہال آف فیم میں شامل کیا گیا ہے۔ لندن میں تقریب کے دوران آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹوو ڈیوڈ رچرڈسن نے انھیں ایک اعزازی کیپ دی۔

اس موقع پر مرلی دھرن کا کہنا تھا کہ ’یہ (میرے لیے) انتہائی فخر اور اعزاز کی بات ہے، خاص کر آئی سی سی کی جانب سے جو کہ کسی بھی کرکٹر کی سب سے بڑی خواہش ہو سکتی ہے۔ میں آئی سی سی کا اس موقعے پر شکریہ ادا کرتا ہوں اور میں اسی زندگی بھر نہیں بھولوں گا۔‘

مرلی دھرن نے 1993 سے لے کر 2011 تک کے دوران سری لنکا کی جانب سے 133 ٹیسٹ اور 350 ایک روزہ میچ کھیلے۔ ٹیسٹ کرکٹ میں انھوں نے 67 بار ایک ہی میچ میں پانچ وکٹیں اور 22 مرتبہ 10 وکٹیں حاصل کیں۔

وہ سرکی لنکا کی اس ٹیم کا بھی حصہ تھے جس نے ارجونہ رانا ٹنگا کی قیادت میں 1996 میں لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں آئی سی سی ورلڈ کپ جیتا تھا۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں