چیمپیئنز ٹرافی: ڈک ورتھ لوئس فارمولے کے تحت انگلینڈ کی آسٹریلیا کے خلاف 40 رنز سے جیت

کرکٹ تصویر کے کاپی رائٹ PA
Image caption مورگن نے بین سٹوکس کے ساتھ مل کر 159 رنز کی شراکت داری قائم کی

انگلینڈ اور ویلز میں جاری چیمپیئنز ٹرافی کے دسویں میچ میں انگلینڈ کی ٹیم نے آسٹریلیا کے خلاف 40 سے کامیابی حاصل کر لی ہے میچ کا فیصلہ ڈک ورتھ لوئس فارمولے کے تحت ہوا۔

انگلینڈ کی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف 278 رنز کے ہدف کا تعاقب کر رہی تھی کہ بارش کے باعث میچ روکنا پڑا۔

بارش کے باعث جب کھیل رکا تو اس وقت کریز پر بین سٹوکس اور جوس بٹلر موجود تھے اور انگلینڈ نے 40.2 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 240 رنز بنائے تھے۔

انگلینڈ اچھے رن ریٹ کی وجہ سے یہ میچ جیتنے میں کامیاب تھا۔

بین سٹوکس نے دو چھکوں اور 13 چوکوں کی مدد سے اپنے ایک روزہ کیریئر کی تیسری سینچری بنائی ہے۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

انگلینڈ بمقابلہ آسٹریلیا (تصاویر)

اس سے قبل بھی بارش کے باعث کھیل کچھ دیر کے لیے روک دیا گیا تھا تاہم اس دوران کوئی اوور ضائع نہیں ہوا۔

ایجبسٹن میں کھیلے جارہے میچ میں 278 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی جانب سے جیسن روئے اور ایلکس ہیلز نے اننگز کا آغاز کیا تو مچل سٹارک نے پہلے ہی اوور میں جیسن روئے کو چار کے سکور پر ایل بی ڈبلیو آوٹ کر دیا۔

دوسرے اوور میں ہیزل ووڈ نے ایلکس ہیلز کو صفر پر پویلین کی راہ دکھا دی۔

انگلینڈ کی ٹیم ابھی ابتدائی نقصان سے سنبھل نہ پائی تھی کہ 35 کے مجموعی سکور پر ہیزل ووڈ نے کو روٹ کو آؤٹ کر دیا۔

اس کے بعد اوئین مورگن نے 81 گیندوں پر پانچ چھکوں اور آٹھ چوکوں کی مدد سے 87 رنز کی اننگز کھیلی اور رن آؤٹ ہوئے۔

انھوں نے بین سٹوکس کے ساتھ مل کر 159 رنز کی شراکت داری قائم کی۔

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption مچل سٹارک نے پہلے ہی اوور میں جیسن روئے کو چار کے سکور پر ایل بی ڈبلیو آوٹ کر دیا

اس سے قبل انگلینڈ نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو اس مقررہ 50 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 277 رنز بنائے۔

ٹریوس ہیڈ نے آخری عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 71 رنز کی اننگز کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے۔

انگلینڈ کی جانب سے عادل رشید اور مارک ووڈ نے آخری اوورز میں عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا۔ عادل رشید اور ووڈ نے چار، چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ سٹوکس نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption انگلینڈ کی جانب سے عادل رشید اور مارک ووڈ نے آخری اوورز میں عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا

آسٹریلیا کی جانب سے ایرون فنچ اور ڈیوڈ وارنر نے اننگز کا آغاز کیا تو 40 کے مجموعی سکور پر ڈیوڈ وانر کو ووڈ نے آؤٹ کر دیا، انھوں نے 21 رنز بنائے۔

اس کے بعد ایرون فنچ نے کپتان سمتھ کے ساتھ مل کر 96 رنز کی شراکت قائم کی۔

فنچ نے صرف 64 گیندوں پر آٹھ چوکوں کی مدد سے 68 رنز بنائے اور سٹوکس کی گیند پر مورگن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

کپتان سمتھ نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلتے ہوئے اپنی نصف سینچری مکمل کی اور 52 کے انفرادی سکور پر ووڈ کی دوسری وکٹ بنے۔

دیگر بلے بازوں میں ہینریقز 17، میسکویل 20 ، ویڈ دو سٹارک اور زمپا صفر اور کمنز چار رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

تصویر کے کاپی رائٹ PA
Image caption فنچ نے صرف 64 گیندوں پر آٹھ چوکوں کی مدد سے 68 رنز بنائے

گروپ اے سے انگلینڈ‌ کی ٹیم بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کو شکست دینے کے بعد سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکی ہے جبکہ آسٹریلیا کے بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کے خلاف دونوں میچ بارش کے باعث بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگئے تھے۔

انگلینڈ کی جانب سے آسٹریلیا کو شکست دیے جانے کے بعد بنگلہ دیش نے بھی سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

گروپ اے کے گذشتہ روز کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش نے نیوزی لینڈ کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر اسے ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا تھا۔

اسی بارے میں