چیمپیئنز ٹرافی: انڈیا نے جنوبی افریقہ کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی

کرکٹ تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption جنوبی افریقہ کے کھلاڑی انڈین کپتان وراٹ کوہلی سے میچ ختم ہونے کے بعد ہاتھ ملا رہے ہیں

انگلینڈ اور ویلز میں جاری آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی میں گروپ بی کے اہم میچ میں انڈیا کی ٹیم نے جنوبی افریقہ کو بآسانی آٹھ وکٹوں سے ہرا کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی جہاں وہ بنگلہ دیش کے مدمقابل ہو گی۔

وارٹ کوہلی اور شیکھر دھوان کی شاندار 128 رنز کی شراکت کی مدد سے انڈیا نے جنوبی افریقہ کو مکمل طور پر آؤٹ کلاس کرتے ہوئے آٹھ وکٹوں سے کامیابی حاصل کر لی۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

انڈیا بمقابلہ جنوبی افریقہ (تصاویر)

کپتان وراٹ کوہلی 76 رنز اور یوراج سنگھ 23 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ یوراج سنگھ نے 38ویں اوور کی آخری گیند پر چھکا لگا کر میچ ختم کیا۔

انڈیا کے جسپریت بمراہ کو ان کی نپی تلی بولنگ کے باعث مین آف دی میچ کا اعزاز ملا۔

انڈیا کے جانب سے روہت شرما اور شیکھر دھون نے اننگز کا آغاز کیا تو روہت شرما 12 رن بنا کر مورکل کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption عمران طاہر کو ان کے کپتان دھوان کی وکٹ لینے کے بعد مبارک باد دے رہے ہیں

شرما کے آؤٹ ہونے کے بعد شیکھر دھوان نے کپتان کوہلی کے ساتھ مل کر شاندار بیٹنگ کی اور 128 رنز کی شراکت قائم کرنے کے بعد 78 رنز بنا کر دھوان عمران طاہر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

اوول میں کھیلے جا رہے اس میچ میں انڈیا کا ٹاس جیت کر بولنگ کرنے کا فیصلہ سودمند ثابت ہوا اور انھوں نے جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم کو 191 رنز پر ڈھیر کر دیا۔

جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 45 ویں اوور میں آؤٹ ہو گئی اور سوائے کوئنٹن ڈی کاک کے کوئی کھلاڑی نصف سنچری مکمل نہ کر سکا۔

انڈیا کی جانب سے تمام بولرز نے عمدہ کارگردگی دکھائی جس کے سامنے جنوبی افریقی بلے باز بے بس نظر آئے۔ بھونیشور کمار اور جسپریت بمراہ نے دو، دو جبکہ ایشون، جاڈیجا اور پانڈیا نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption انڈیا کے مہندر دھونی جنوبی افریقہ کے کپتان اے بی ڈی ویلیئرز کو رن آؤٹ کرتے ہوئے

جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈی کاک اور ہاشم آملہ نے اننگز کا آغاز کیا اور محتاط طریقے سے بیٹنگ کرتے ہوئے سکور 76 تک لے گئے جب 18ویں اوور میں ہاشم آملہ 35 رنز بنا کر ٹورنامنٹ میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے روی چندر ایشون کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔

25ویں اوور میں رویندرا جڈیجا نے کوئنٹن ڈی کاک کو بولڈ کر کے اپنی ٹیم کو دوسری کامیابی دلائی۔ ڈی کاک نے 53 رنز بنائے۔

29ویں اوور میں فاف ڈو پلیسی نے پوائنٹ کی جانب شاٹ کھیل کر ایک خطرناک رن لینے کی کوشش کی جس کے نتیجے میں کپتان اے بی ڈی ویلیئرز رن آؤٹ ہو گئے جنھوں نے 16 رنز بنائے تھے ۔

ان کے آؤٹ ہونے کے بعد جنوبی افریقہ کی بیٹنگ ناکام ہوتی دکھائی دی۔

ڈیوڈ ملر ایک، فاف ڈو پلیسی 36، کرس مورس چار، پہلکوایو چار، کگیسو ربادا پانچ اور مورن مورکل بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے

آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی عمران طاہر تھے جو کے جنوبی افریقہ کے رن آؤٹ ہونے والے تیسرے کھلاڑی رہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption انڈین بولنگ کے سامنے جنوبی افریقہ کے بلے باز بے بس نظر آئے

گروپ بی کا دوسرا اہم میچ پاکستان اور سری لنکا کے مابین پیر کو کارڈف میں کھیلا جائے گا۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز گروپ اے کے میچ میں انگلینڈ نے آسٹریلیا کو شکست دی تھی جس کے بعد بنگلہ دیش نے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا جبکہ انگلینڈ کی ٹیم پہلے ہی سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکی ہے۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں